پی ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں کی تباہ کاریوں کی رپورٹ جاری کردی

منگل 13 اگست 2019 18:45

پشاور۔13اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2019ء) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) خیبرپختونخوا نے صوبہ کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق صوبہ کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث سیلابی ریلوں اور مکانات کی چھتیں گرنے کے نتیجہ میں 3 بچوں اور 2 خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ خاتون اور بچے سمیت 22 افراد زخمی ہوئے اس کے علاوہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے 2 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں 2 خواتین اور ایک مرد جاں بحق جبکہ ایک مکان کو جزوی نقصان پہنچا، اسی طرح بونیر میں ایک بچہ جاں بحق اور 2 مویشی ہلاک، ایک گھر مکمل تباہ جبکہ 8 مکانات اور دکانوں وغیرہ کو جزوی نقصان، پہنچا، ملاکنڈ میں ایک مرد اور لوئر دیر میں ایک بچہ سیلابی ریلے کی نذر ہوگئے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق بارشوں نے ضلع شانگلہ میں بھی تباہی جس کے نتیجہ میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ خاتون اور بچے سمیت 21 افراد زخمی ہوئے اسی طرح ضلع سوات میں بچے سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔

ضلع تورغر میں ایک مرد جاں بحق جبکہ ایک مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قبائلی ضلع اورکزئی میں بارشوں کے باعث ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک مکان کو جزوی نقصان پہنچا اسی طرح ایبٹ آباد اور ہنگو میں ایک، ایک مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ وز یراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کے احکامات پر متعلقہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد کی ہدایت کی گئی ہے، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہ سڑکوں کی بحالی پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ کلپانی میں پانی کی سطح بتدریج کم ہوتی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق پی ڈی ایم اے 6اگست کو تما م اضلاح کو مراسلہ جاری کیا تھا جس میں با رشوں اور سیلاب کی پیش گوئی اورپیشگی حفاظتی اقداما ت کی ہدایا ت جا ری کی گئی تھی۔ اس تناظر میں پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24/7فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہمیں ہماری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں