سیف سٹی پراجیکٹ بہتر طرز حکمرانی کیلئے انقلابی اقدام ہو گا : محمود خان

منصوبہ صوبائی حکومت کے ای گورننس سسٹم کیلئے بھی سنگ میل ثابت ہو گا،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

منگل 20 اگست 2019 21:39

سیف سٹی پراجیکٹ بہتر طرز حکمرانی کیلئے انقلابی اقدام ہو گا : محمود خان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے قیام کیلئے تین دنوں کے اندرمکمل پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے اور عندیہ دیا ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے قیام میں مزید کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اُنہوںنے منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں ٹائم لائنز کا تعین کرنے اورتمام قانونی پیچیدگیاں بروقت دور کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کامران بنگش ، چیف سیکرٹری سلیم خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد نعیم خان ، سیکرٹری ہوم ، سی سی پی اوپشاور، چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو سیف سٹی پراجیکٹ کے قیام اور افادیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ پشاور مؤثر طرز حکمرانی (ای گورننس) میں ایک سنگ میل ثابت ہوگاجسے بعدازاں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرتک توسیع دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سیف سٹی پراجیکٹ مجموعی طور پر چار جدید سائنسی شعبوں پر مشتمل ہوگا جس میں ایمر جنسی ریسپانس سسٹم ، انٹیگریٹڈ انٹیلیجنس کاؤنٹر سرویلنس سسٹم ،انٹیلیجنس ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور الیکٹرانک ایوی ڈنس مینجمنٹ سسٹم جیسے اہم فیچرزشامل ہونگے۔

سیف سٹی منصوبہ ای گورننس کا ایک ایسا مرکز ی طریقہ کار وضع کرنے میں مدد دے گا جس کے ذریعے حکومت پشاور میں وقوع پذیر ہونے والے تمام واقعات کی نگرانی کر سکے گی۔ مجوزہ طریقہ کار کے ذریعے انتخابات ، قدرتی آفات، دہشتگردی کے واقعات، ٹریفک کی صورتحال، جلسے جلوسوں، وی آئی پی ایزکے دوروں وغیرہ کی نگرانی ایک ہی چھت کے نیچے ممکن ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق مربوط ایمرجنسی ریسپانس سسٹم کے تحت شہریوں کیلئے ایمر جنسی کال سنٹرقائم کیا جائے گا جو ایمر جنسی کالز پر فوری ریسپانس دینے اور متعلقہ اداروں جیسے ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، پولیس سٹیشن اور ضلعی انتظامیہ وغیرہ کے ساتھ بروقت رابطہ کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔

مربوط انٹیلجنٹ کاؤنٹر سرویلنس سسٹم کے تحت شہر بھر میں IPNVکیمرے نصب کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں پورے شہر کی نگرانی کے لئے موبائل کیمرے بھی شامل ہوں گے۔ ان کیمروں کے ذریعے حاصل کی گئی شہادتیں قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد عدالتوں میں بطور ثبوت قابل قبول ہوں گی۔ انٹیلجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم میں نصب کئے گئے کیمروں کے ذریعے شہر میں ٹریفک کی کل وقتی نگرانی کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سسٹم کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور غیر قانونی گاڑیوں وغیرہ کی براہ راست نگرانی کی جائے گی اور فوری ریسپانس کے طور پر ای چالان بھی جاری کئے جائیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں