کشمیر پر بھارتی مظالم کے خاتمے کا وقت قریب ہے ،مشتاق غنی

کشمیر یوں کے حقوق کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کی جا رہی ہے ،سپیکر خیبرپختونخو اسمبلی

ہفتہ 24 اگست 2019 18:44

کشمیر پر بھارتی مظالم کے خاتمے کا وقت قریب ہے ،مشتاق غنی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2019ء) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتا ق احمد غنی نے کہا کہ کشمیر یوں کے حقوق کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کی جا رہی ہے ، کشمیر پر بھارتی مظالم کے خاتمے کا وقت قریب ہے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایبٹ آباد یونیورسٹی میں نکالی گئی کشمیر ریلی کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا ، ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میںسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اوریونیورسٹی ملازمین نے کشمیریوں کیساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد کیا- ریلی کا مقصد یہ تھا کہ پاکستان کا ہر شہری کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، مشتاق غنی نے کہا وزیر اعظم عمران خان کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں کامیاب ہو ئے ہیں جس کا ثبوت کشمیر سلامتی کونسل کا جلاس ہے اور عالمی میڈیا پر کشمیر کے حق میں تبصرے ہیں، آج کشمیر کے حق میں دنیا بھر میں ریلیاں نکالی جا رہی اور بھارت کے ناپاک اقدامات کے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد غنی کے کہا کہ ایک طویل انتظار کے بعد آج کشمیر کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جانے لگا ہے اور یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ بہت جلد کشمیر بھارتی دہشت گردی سے آزاد ہونے جا رہا ہے۔ اس دوران ایبٹ آباد یونیورسٹی میںگرین اینڈ کلین پاکستان کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا گیاجس کے مہمانِ خصوصی مشتاق احمد غنی نے وائس چانسلر کے ہمراہ پودا لگایا ۔

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کو یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کی کارگردگی کے حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی گئی جس پر انھوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر اور دیگر سٹاف کی کاوشوں کو سراہا ۔ آخر میںمہمان ِ خصوصی نے تعلیم کے مختلف شعبہ جات میں پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات میںانعامات تقسیم کیے اور امید ظاہر کی کہ ہمارے نوجوان تعلیمی میدان میں آگے آکر اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں