چترال کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے،وزیراعلیٰ محمودخان

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:32

پشاور۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) وزیراعلی خیبرپختونخو امحمود خان نے چترال کا ایک روزہ مصروف ترین دورہ کیا ہے ۔اس موقع پر وزیراعلی نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج دروش چترال، ریشون ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی تعمیر نو ، پی ایم آریو سیل کی افتتاح جبکہ چترال میں رواں سال سیلاب سے متاثرہ افراد اور ویلیج وائلڈ لائف کنزرویشن تنظیموں میں نقد چیک تقسیم کئے۔

وزیراعلی نے چترال کی کیلاش کمیونٹی کو قبرستان کیلئے درکار زمین مہیا کرنے کیلئے سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے ۔ریشون ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد وزیراعلی نے جلسہ عام سے خطاب بھی کیا ہے ۔خطاب کے دوران وزیراعلی نے ریشون کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی سکیم جبکہ ریشون اپر چترال میں پولو گرانڈ کے قیام اور تعمیر نو کا اعلان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلی کا کہنا تھا کہ دروش ایریگیشن سکیم کو فوری طور پر متعلقہ محکمے کے حوالے کیا جائے گاجبکہ گولن گول ویلی کی بحالی پر بھی بہت جلد کام شروع کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ریشون ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سال2015 کے سیلاب میں تباہ ہو گیا تھا جس کی تعمیر نو پر 806 ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ یہ منصوبہ جون2020 میں مکمل ہو گا۔ منصوبے کی تکمیل سی4.2 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی جس سے 16,000 مقامی افراد مستفید ہوں گے۔

واضح رہے کہ جنگلی حیاتیات کی تحفظ کے لئے 45,000سے زائد افراد پر مبنی 24 ویلیج کنزرویشن کمیٹیاں قائم کی جا چکی ہیں اور ہر سال شکار کے پرمٹس باقاعدہ طور پر بڈنگ کے ذریعے دیئے جاتے ہیں جس سے کروڑوں روپے امدن ممکن ہو رہی ہے۔ زیادہ تر رقم ویلج کنزرویشن کمیٹیز کو دی جاتی ہیں جس کو ترقیاتی کاموں ، غرباکیلئے سکالرشپس ، غریب اور نادار مریضوں کی مالی معاونت ، کمیونٹی ٹیچرزکی بھرتیوں ، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر پر خرچ کی جاتی ہیں۔

اس عمل سے عوام اور حکومت میں اعتماد کو تقویت ملتی ہے جبکہ فنڈز کے استعمال میں شفافیت اور عوامی ترجیح بھی یقینی ہو جاتی ہے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت چترال کے عوام کو درپیش تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہے جبکہ چترال کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کے چور اور ڈاکو حکمرانوں نے ملکی خزانہ لوٹا ہے۔

تحریک انصاف کی حکومت ہر صورت ان کا احتساب کرے گی اور ان چوروں سے قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لیکر قوم کے بہتر مفاد کیلئے استعمال کرے گی۔ قوم سے وعدہ ہے کہ ملکی معیشت ٹھیک کر کے صوبے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔وزیراعلی نے کشمیریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں جاری مظالم کی شدید مذمت کرتا ہوں اور صوبہ بشمول چترال کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعلی نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے بعد تمام تر اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہو جائیںگے اورحقیقی جمہوریت کے تحت ہر علاقے کے عوام اپنے علاقے کی ترقی خود ممکن بنا سکیں گے۔ وزیراعلی نے کہاکہ چترال میں جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کیلئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ بہت جلد حل کیا جائے گا۔

جلسے سے خطاب کے دوران وزیراعلی نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے جبکہ عوام کی ایک ایک پائی کی حفاظت کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی عوام دوست حکومت سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور رہے گی۔ صوبائی حکومت تمام اضلاع کیلئے یکساں ترقیاتی پالیسی کو یقینی بنانے کیلئے عمل پیرا ہے۔ وزیراعلی کو دورے کے دوران چترال میں جاری ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بریفینگ بھی دی گئی۔ دورے کے موقع پر وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ، ایم پی اے وزیر زادہ ،کمشنر ملاکنڈ ریاض محسود، سیکرٹری جنگلات شاہد اللہ اور دیگر بھی وزیراعلی کے ہمراہ تھے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں