بوسیدہ پائپ لائن کی تبدیلی اور لیکیج خاتمے کی کوششیں جاری ہیں، ترجمان ڈبلیو ایس ایس پی

اتوار 13 اکتوبر 2019 20:10

پشاور۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2019ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہر بھر میں پانی کی بوسیدہ پائپ لائن کی تبدیلی کا عمل مسلسل جاری ہے‘ لیکیج کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ وضاحتی بیان میں ترجمان نے کہا کہ زون بی میں رواں سال اب تک 2500 غیر قانونی واٹر کنکشنز کو رجسٹر کرلیا گیا ہے رجسٹریشن کا عمل اب بھی جاری ہے جبکہ غیرقانونی کنکشنز پر 22 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں مقررہ مدت میں رجسٹریشن نہ کروانے والوں کے کنکشنز منقطع کئے جارہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق آلات کے ذریعے زیر زمین لیکیج کا پتہ لگانے اور خاتمے کے لئے عملے کو تربیت دی جارہی ہے لیکیج کی شکایت ملنے پر فوری کارروائی کی جاتی ہے جبکہ عملہ مانیٹرنگ بھی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفرعلی شاہ نے لیکیج اور بوسیدہ پائپ لائن سے متعلق تفصیلی رپورٹ مانگ لی ہے جبکہ واٹر سپلائی عملے کے لئے کارکردگی کے اعشاریئے (کے پی آئیز) وضع کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں اور سختی سے ہدایت کی ہے کہ صارفین کو پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی ہر حالت میں یقینی بنائی جائے اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں