اسمبلی رولزمیں تبدیلی سے متعلق قائم کمیٹی کو ایک ماہ میں رپورٹ مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 14 اکتوبر 2019 18:40

پشاور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) خیبرپختونخوااسمبلی کے قواعدوضوابط میں تبدیلی اوراسے مزیدموثربنانے کیلئے سپیکر مشتاق غنی نے متعلقہ کمیٹی کو ایک ماہ میں اپنی رپورٹ مکمل کرکے ایوان میں پیش کرنے کی رولنگ دیدی۔ جے یوآئی کی رکن نعیمہ کشور کی قبائلی اضلاع کے اراکین کو قائمہ کمیٹیوں میں فوری نمائندگی دینے کی استدعامستردکردی گئی۔

(جاری ہے)

پیر کے روز صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران جے یوآئی کی رکن نعیمہ کشورنے اسمبلی رولز سے متعلق اپنی ترمیم پیش کرتے ہوئے کہاکہ قبائلی اضلاع سے اراکین اسمبلی کومنتخب ہوئے تین ماہ کاعرصہ بیت چکاہے لیکن بدقسمتی سے انہیں ابھی تک قائمہ کمیٹیوں میں نمائندگی نہیں دی گئی ہے جوکہ انکے ساتھ ظلم ہے قائمہ کمیٹیوں کی تعداد سے متعلق ان کی معمولی ترمیم ہے حکومت دل بڑاکرے اورترمیم آج ہی منظورکرکے قبائلی اراکین کو کمیٹیوں میں ایڈجسٹ کیاجائے اس موقع پر ڈپٹی سپیکر محمودجان نے ایوان کوبتایاکہ گزشتہ دورمیں بعض ایم پی ایزصاحبان نے بھی اسمبلی رولزسے متعلق اپنی ترامیم تیارکی تھیں اسکے علاوہ دیگر ترامیم پرمتعلقہ کمیٹی اپناکا م کررہی ہے لہذاتمام ترامیم کو کلب کرکے ایک ماہ کی مہلت دی جائے تاکہ کمیٹی رولزکومزیدموثربناکر اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے تاہم نعیمہ کشورنے زوردیاکہ ان کی ترمیم آج ہی پاس کی جائے اس دوران قبائلی اضلاع کے اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اوراپنااحتجاج ریکارڈ کروایا جس کے بعد سپیکر نے رولنگ دی کہ اسمبلی رولز بہت پرانے اورفرسودہ ہوچکے ہیں جوآج کے حالات سے مطابقت نہیں رکھتے اسلئے متعلقہ کمیٹی تمام ترامیم کابغورجائزہ لے کر اپنی رپورٹ ایک ماہ کے اندر اندر پیش کرے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں