کراچی میں ڈرائیوروں کی اموات کی اعلیٰ سطحی پر تحقیقات کی جائیں،آفتاب شیرپائو

جمعہ 18 اکتوبر 2019 00:11

پشاور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پائو نے ایف ڈبلیو او اوررینجرزاہلکاروں کی فائرنگ سے کراچی کے نزدیک سپر ہائی وے پرٹرک ڈرائیوروںکی اموات کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی اعلیٰ سطی تحقیقات کا حکم دیا جائے۔جمعرات کو وطن کور پشاور سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے حکومت سے اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ اس سانحہ میں ملوث اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکیں۔

انہوں نے حکومت سے جاں بحق ٹرک ڈرائیوروں کے خاندانوں کو معاوضہ ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔یاد رہے کہ سپر ہائی وے کراچی کے نزدیک فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور رینجرز اہلکاروں کی فائرنگ سے چار ڈرائیورز جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

آفتاب شیر پائو نے کہا کہ احتجاج کرنے والے افراد پر براہ راست فائرنگ کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج سے نمٹنے کے لئے پولیس کو موقع پر طلب کرنا چاہیئے تھا کیو نکہ پولیس اہلکار ایسی صورت حال سے نمٹنے کے لئے بہتر طور پر تربیت یافتہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا تمام شہریوں کا بنیادی اور آئینی حق ہے اور طاقت کا استعمال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس سے معاملات مزید الجھ جاتے ہیں جیساکہ اس واقعے سے ظاہر ہوتا ہے۔انہوں نے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کی دعا کی اور حکام سے مطالبہ کیا کہ مجروحین کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں