انتخابات میں خواتین کا ٹرن آئوٹ بڑھانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل (جینڈر افیئرز ) الیکشن کمیشن کا تقریب سے خطاب

منگل 22 اکتوبر 2019 14:46

انتخابات میں خواتین کا ٹرن آئوٹ بڑھانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل (جینڈر افیئرز ) الیکشن کمیشن کا تقریب سے خطاب
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل (جینڈر افیئرز ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نگہت صدیق نے کہا ہے کہ تمام طبقات کی شمولیت کے بغیر انتخابات نامکمل ہوتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا کے زیرنگرانی طالب علموں کے رضا کار کی حیثیت سے الیکشن کمیشن کے ساتھ کام کرنے سے متعلق فرنٹیئر لا کالج کے طلبہ و طالبات میں تعریفی اسناد کی تقسیم کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخا بات میں خواتین سمیت تمام محروم طبقات کی زیادہ شمولیت کیلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں عوام میں آگاہی کے حوالہ سے طلبہ و طالبات اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ ایڈیشنل ڈی جی نے کہا کہ قانون کے طالب علم ہونے کے ناطے آپ کیلئے الیکشن قوانین سے آگاہی بہت ضروری ہے الیکشن ایکٹ 2017 ء جامع انداز میں مرتب کیاگیا ہے جس میں تمام محروم طبقات کی انتخابی عمل میں شمولیت کو یقینی بنایاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ معذور افراد کی آسانی کیلئے پہلی دفعہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کی سہولت فراہم کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن ایکٹ کے تحت اب تمام سیاسی جماعتوں کو جنرل نشستوں میں کم ازکم پانچ فیصد سیٹیں خواتین امیدواروں کو دینے کا پابند بنایاگیا ہے ۔ نگہت صدیق نے کہاکہ پشاور میں مختلف جامعات ‘ کالجوں اور دیگراعلیٰ تعلیمی اداروں کے 450 سے زائد طلبہ و طالبات بطور رضاء کار تیار ہوئے ہیں جو کہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ووٹر آگاہی مہم میں خیبر پختونخوا دیگر صوبوں پر سبقت لے گیا ہے ۔ نگہت صدیق نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن محروم طبقات بالخصوص خواتین کا ٹرن آئوٹ بڑھانے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا ۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ الیکشن کمیشن کا پیغام عام لوگوں تک پہنچائیں تاکہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں خواتین اور دیگر محروم طبقات کی زیادہ سے زیادہ شمولیت ہو اور ٹرن آئوٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہو۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا پیر مقبول احمد ‘ کالج کے پرنسپل اختر علی ایڈوکیٹ اور طلبہ اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں