-شہرام خان ترکئی کا پولش سفیر کے ہمراہ کاغان میموریل سکول میں جدید لائبریری کا افتتاح

-فلاحی کاموں میں حصہ لینے والوں کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیر بلدیات

اتوار 17 نومبر 2019 22:21

u پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے رفاعی کاموں میں حصہ لینے والوں اور فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دینے والوں کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار کاغان ویلی میں واقعکاغان میموریل سکول میں جدید لائبریری کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پولینڈ کے سفیر پیٹر اوپلنسکی اور مقامی عمائدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کاغان میموریل سکول میں انسٹی ٹیوٹ آف کاغان میموریل ٹرسٹ کے تعاون سے طلبہ کو مفت تعلیم دی جا رہی ہے جو کہ قابل تعریف ہے۔ کاغان میموریل سکول میں سٹیٹ آف دی آرٹ لائبریری کے قیام میں پولینڈ حکومت کی طرف سے فنڈز مہیا کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولینڈ کے سفیر پیٹر اوپلنسکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا انہیں کاغان میں جدید تعلیمی سہولت فراہم کرنے پر خوشی محسوس ہوتی اور وہ اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کاغان میں جدید سکول کی بنیاد رکھنے والے سکول کے بانی خرم خان کا شکریہ ادا کیا۔ پیٹر اوپلنسکی نے کہا کہ پولینڈ حکومت تعلیمی سرگرمیوں کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ جدید لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا کہ طلبہ میں کتاب بینی کے کلچر کو فروغ دینے میں لائبریریز کا قیام اشد ضروری ہے۔

صوبائی حکومت نے تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے گزشتہ اور موجودہ دور حکومت میں خاطر اقدامات اٹھائے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت وفاقی سطح پر بھی فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے اور ان سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ دریں اثناء شہرام خان ترکئی نے سکول میں قائم جدید لائبریری سمیت سکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سکول کے بچوں نے ٹیبلوز اور فنون کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر شہرام خان ترکئی نے پولش سفیر کے ہمراہ کاغان میموریل سکول کے ہونہار طلبہ میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں