ٴ وزیر اعظم معیشت کی بہتری کا اعلان کررہے ہیں،عوام مہنگائی میں اضافے پر رو رہے ہیں ، عتیق الرحمن

mسٹیٹ بنک کے گورنر عشاریے بہتر ہونے کی نوید دے رہے ہیں &عوام مہنگائی کے سامنے عشاریہ صفر پر پہنچ چکے ہیں،پی کے 68اور 69کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب

اتوار 17 نومبر 2019 22:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2019ء) جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ ویر اعظم معیشت کی بہتری کا اعلان کررہے ہیں اور عوام مہنگائی میں اضافے پر رو رہے ہیں ۔ سٹیٹ بنک کے گورنر عشاریے بہتر ہونے کی نوید دے رہے ہیں جبکہ عوام مہنگائی کے سامنے عشاریہ صفر پر پہنچ چکے ہیں۔وہ پی کے 68اور 69کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

اجلاس میں جماعت اسلامی کے نومنتخب امراء پی کے 68شمالی ڈاکٹر امان اللہ روحانی ، پی کے 69شمالی فضل داد سالارزئی ، پی کے 69جنوبی رفعت اللہ اسد اور پی کے 68جنوبی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حیدر علی نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن نے مزیدکہاکہ اس وقت حکومتی عہدیداران پر یس کانفرنسز کے ذریعے معیشت کی بہتری کے مختلف دعوئے کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن دوائیوں ، پیٹرول ، گیس ، آٹے کی مہنگائی کے بعد اب سبزیاں بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہیں۔ بازاروں میں کسی بھی چیز کا دام آپ پوچھیں تو آپ کو محسوس ہوگا کہ حکومت نام کی حدتک باقی ہے ۔ اشیاء خوردونوش پر حکومتی کنٹرول کا اندازہ آپ روزانہ کے ڈی سی نرخنامہ سے کرسکتے ہیں ہرسبزی کا حکومتی نرخ بازار کے نرخ سے چارگنا کم لکھا ہوتا ہے لیکن انتظامیہ مہنگائی کو قابو کرنے میں پسپائی اختیار کرچکی ہے ۔

سردیوں کی آمد پر محکمہ گیس نے اپنے نرخ میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ حالانکہ گرمیوں کے ماہ مئی میں ایک دفعہ اضافہ کیا جاچکا ہے ۔ حکمرانوں کی پالیسیاں عوام کو تنگ آمد بہ جنگ آمد کی طرف لے جارہی ہیں۔22دسمبر کو اسلام آباد میں کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور پاکستان میں مہنگائی کی سونامی کے خلاف پشاور سے ہزاروں کارکنان کا قافلہ لیکر جائیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں