تمام منصوبوں پر کام جاری ہے ،عوام بے بنیاد خبروںپر کان نہ دھریں، کامران بنگش

بدھ 20 نومبر 2019 20:20

پشاور۔20نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے پبلک مقامات پر پہلے مرحلے میں محکمہ سائنس و آئی ٹی 25 ڈگری کالجز ،یونیورسٹی آف پشاور اور شالیمار باغ سمیت دیگر کئی پبلک مقامات پر فری وائی فائی سروس مہیا کررہی ہے جبکہ جنرل بس ا سٹینڈ اور پشاور پریس کلب کے لئے تمام انتظامات ہماری جانب سے مکمل ہیں جس کا افتتاح بھی آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

محکمہ سائنس و آئی ٹی کی ٹیم اس حوالے سے مستعد اور پوری محنت سے منصوبے کو آگے بڑھارہی ہے عوام کسی بھی بے بنیاد رپورٹس پر کان نہ دھریں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے پبلک مقامات پر فری وائی فائی سروس کے حوالے سے ایک اخبار میں شائع بے بنیاد خبر پر اپنے ردعمل میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور کے صحافی انتہائی قابل اور محنتی ہیں لیکن بعض ایسے افراد بھی ہیں جو بغیر تحقیق کے یکطرفہ اور بے بنیاد خبر چلا لیتے ہیں جس سے نہ صرف عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان غلط فہمیاں بڑھ جاتی ہیں بلکہ اداروں کا تشخص بھی پراگندہ ہوجاتا ہے ۔

محکمہ سائنس وآئی ٹی کی ٹیم کی بھرپور کوشش ہے کہ اس منصوبے کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے مگر ٹیکنیکل مشکلات اور کاغذی کارروائی کی وجہ سے اکثر کام اپنی تکمیل سے تھوڑے لیٹ ہوجاتے ہیں جسے میڈیا کو بھی سمجھنا چاہئیے۔ کامران بنگش نے واضح کیا کہ محکمہ سائنس و آئی ٹی کے تمام منصوبوں پر صحافی حضرات جب بھی چاہیں تحقیقی خبر بنا سکتے ہیںاس بارے کسی بھی قسم کی معلومات درکار ہوں وہ مہیا کی جائیں گی کیوں کہ میڈیا کے بغیر بہترین طرزحکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

فری وائی فائی سہولت بارے بے بنیاد خبر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رپورٹر کو کم از کم شالیمار باغ کا تو علم ہونا چاہئیے تھاکہ وہاں پرفری وائی فائی سہولت ہے کہ نہیں۔ اسی طرح یونیورسٹی آف پشاور کا بھی چکر لگاتے تاکہ بات مزید واضح ہوجاتی، باتوں کو تھوڑمروڑ کر اور سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا قرینے انصاف نہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں