سڑکوں کی تعمیر سے علاقے میں سیاحت اور کاروبار کو فروغ حاصل ہوتا ہے،ڈاکٹرامجدعلی

اتوار 8 دسمبر 2019 18:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان کے ہمراہ سوات میں املوک درہ سیرئی روڈ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ جدید دور میں شاہراہیں کسی بھی علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، سڑکوں کی تعمیر سے علاقے میں سیاحت اور کاروبار کو فروغ حاصل ہوتا ہے اور زمینداروں کا منڈیوں تک رسائی آسان ہوجاتی ہے جس سے خوشحالی آتی ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن ایک عرصے سے محرومیوں کا شکار رہا ہے اور ماضی کی حکومتوں نے اس علاقے کو مکمل طور پر نذر انداز کیا ہوا تھا تاہم اب تحریک انصاف کی حکومت میں اس جانب خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ترقیاتی کاموں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جس کے باعث عوام میں حکومتی پذیرائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اپوزیشن جماعتوں نے کھوکھلے نعروں پر عوام کو دھوکے میں رکھا اور ان کے فلاح وبہبود کے لئے کوئی قابل قدر کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جو ان کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ وزیر معدنیات نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے صوبے میں روایاتی سیاست کو مسترد کیا ہے اور اپنے حقیقی نمائندوں کو خدمت کا موقع دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے نمائیندے عوام کے اعتماد پر پورا اترینگے اور ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے اپنی کوشش جاری رکھیںگے۔ انہوں نے کہا کہ املوک درہ سے سر پٹے تک ایک کلومیٹر سڑک کی تعمیر پر ایک کروڑ روپے کی لاگت ائی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں