سینئر وزیر خیبر پختونخوا نے مردان میں رشکئی انٹرچینج سے رنگ روڈ تک بائی پاس پر تعمیراتی کام کا افتتاح کر دیا

مردان میں تمام رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت یقینی بناکر عوام کو آمدورفت کی بہترین سہولیات فراہم کریں گے،محمدعاطف

اتوار 8 دسمبر 2019 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2019ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ مردان میں تمام رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت یقینی بناکر عوام کو آمدورفت کی بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں رشکئی انٹر چینج سے رنگ روڈ تک بائی پاس پر تعمیراتی کام کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

منصوبے پر کل 83 کروڑ روپے کی لاگت ائیگی۔اس موقع پر مردان سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ مردان میں مختلف ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ضلع مردان کو ایک ماڈل ضلع بنانے کے لئے مختلف نئی سکیمیں متعارف کی جارہی ہیں۔ ضلع میں موجود بدھ مت کے قدیمی آثار کو بین القوامی سطح پر متعارف کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں غیر ملکی سیاح ضلع میں موجود آثار قدیمہ کا رخ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف مقامی سطح پر کاروبار فروغ پائے گا بلکہ بین القوامی سطح پر صوبے کا امیج بھی بہتر ہوگا۔مردان میں کئی پر فضاء مقامات پر سیاحتی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں جہاں مقامی لوگوں کو تفریح کے مواقع میسر آسکیں گے۔ سینئر وزیر نے کہا کہ مردان میں نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھی 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی سکیم منظور کی جا چکی ہے اسکے علاوہ 50 اوپن ایئر جیمز کی سکیم کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔خواتین کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے فیمل جمنیزیم پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں