الیکشن کمشنر اور چیف الیکشن کمشنر کی تقریریوں پر متفقہ فیصلے کیلئے تمام اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ ہماری بات چیت ہوچکی ہے،پرویزخٹک

بدھ کو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اہم اجلا س ہورہا ہے جس میں فیصلے ہو جائیں گے، پی ٹی آئی حکومت پانچ سال کی مدت پوری کرے گی، ان ہائوس تبدیلی کاکوئی امکان نہیں،وفاقی وزیر دفاع

اتوار 8 دسمبر 2019 21:00

پشاور۔08دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر دفاع پرویز خان خٹک اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کے سر براہ نے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن اور اتحادی جما عتوں کے ساتھ ہماری بات چیت ہوچکی ہے، بدھ کو ہمارا اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اہم اجلا س ہورہا ہے جس میں الیکشن کمشنر اور چیف الیکشن کمشنر کی تقریریوں پر متفقہ فیصلہ ہوجائے گا، آرمی چیف کی توسیع کے حوالے سے آئین میں ترمیم کے بارے میں ابھی تک اپوزیشن سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی، کیس کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد اس پر بات ہوگی کے ا س پرنظر ثانی پر جانا ہے یا کچھ اور فیصلہ کرنا ہے اس پر حکومت کی لیگل ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر متفقہ طور فیصلہ کریں گے، پی ٹی آئی حکومت پانچ سال کی مدت پوری کرے گی اور ان ہائوس تبدیلی کاکوئی امکان نہیں ہے ،مولانا فضل الرحمان سمیت سب بے پرکیاں اڑا رہے ہیں، حکومتی جماعت کے ممبران یا کوئی اتحادی اراکین وزیر اعظم عمران خان سے نالاں نہیں، تحریک انصاف کے تمام ممبران قومی اسمبلی خواہ وہ وہ خیبر پختونخواہ ،سندھ ،بلوچستان اور پنجاب اسمبلی سے تعلق رکھتے ہوں بشمول اتحادی جماعتوں کے ممبران سے میں رابطے میں ہوں کوئی بھی حکومت سے نالاں نہیں، گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں اس کا یہ مطلب نہیں کے وہ حکومت کا تختہ الٹا دیں، تمام ممبران پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، وزیر اعظم عمران خان کو جس حالت میں حکومت ملی ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہوچکا تھا جس میں آصف زرداری ،نواز شریف نے ساری دولت بیرون ملک منتقل کی، ملک کو قرضوں کے سہارے پر چھوڑا، عمران خان مشکل فیصلے کرکے ملک کو دلد ل سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں اور ملک سے لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کریں گے یہی وجہ ہے کے عوام کاتحریک انصا ف اور وزیر اعظم عمران خان پر بھر پور اعتماد ہے اور عوام تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار نوشہرہ خوشمقام میں اے این پی کے حاجی صاد ق خان اور ڈاگ بیسود میں اے این پی ضلعی رہنما اور ممبر صوبائی کونسل انجینئر اسرار علی خان کے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اے این پی سے مستعفی ہوکر تحریک انصا ف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔پرویز خان خٹک نے کہا کہ عمران خان کی اکنامک پالیسی سے پاکستان کے قرضوں میں کمی آرہی ہے، ادائیگیوں کے تواز ن میں کافی بہتری آچکی ہے اور ملک میں ڈالر بھی آنے لگے ہے ،سال کے اندر اندر ملک اپنے پائوں پر کھڑا ہوگا اور ترقی کی طرف رواں داوں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خرا ب معاشی صورتحال ورثے میں ملی، ملک تیس ہزار ار ب روپے کا مقروض ہے جس پر روز مرہ سود چھ ارب روپے کا ہے ، مولانا فضل الرحمان کہہ رہے ہیں کہ حکومت دسمبر اور جنوری میں جارہی ہے ان کا یہ خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوگا ،حکومت اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، ان کے پاس وزیر اعظم کے استعفی کی کوئی دلیل نہیں تھی میرے ساتھ مذاکرت میں وہ حکومت پر کوئی اعتراض ثابت نہیں کر سکے۔

انہوںنے کہا کہ یہ تو آسان بات ہے سب لاکھوں کا جھتہ اسلام اباد لے کر زبردستی حکومت تبدیل کریں، آئین اور قانون کہاں گیا، وزیر اعظم عمران خان عوام کے ووٹ سے منتخب ہوئے ہیں، انہیں خیرات میں یہ حکومت نہیں ملی، اپوزیشن اپنی چوریاں چھپانے کیلئے بے پرکیاں اڑارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے، ملک سے مہنگائی ،بیروز گاری اور معاشی بحران کو ختم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں اور اپوزیشن کو یہ بات ہضم ہیں نہیں ہوتی کہ ملک اپنے پائوں پر کھڑا ہو۔

انہوںنے کہا کہ ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ہمارے مخالفین کہہ رہے ہیں کہ میں نے نوشہرہ کی سیاست پر قبضہ کرلیا ہے، عوام با شعور ہیں، ہمارے مخالفین انتخابات کے بعد عوام کو نظر نہیں آتے اور حکومت میں اتنے مغرور اور متکبر ہوجاتے ہیں کہ غمی خوشی تو کیا وہ کارکنوں کا پوچھتے تک نہیں، ہم کارکنوں کوعزت دیتے ہیں اور کارکن ہمیں عزت دیتے ہیں، میں اگر آج وزیر اعلی اور وزیر دفاع کی کرسی تک پہنچا ہوں تو ان غریب کارکنوں، نوجوانوں اور پارٹی کی تنظیمی عہدیدواں کی بدولت پہنچا ہوں، میں اور میرے خاندان کے سات افراد روزانہ ضلع نوشہرہ میں عوام کے ساتھ رابطے میں ہوتے ہیں، میں جھوٹ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، مجھے نوشہرہ کا ایک، ایک مسئلہ کا پتہ ہے اور میں سارا سال عوام کے ساتھ رابطے میں رہتا ہوں، میں بحثیت وزیر اعلی پانچ سال عوام کے ساتھ رابطے میں رہا اور بحثیت وزیر دفاع بھی عوا م کے ساتھ رابطے میں ہوں۔

انہوں نے کہا اربوں روپے کے ترقیاتی منصو بے اسی فیصدتک منصو بے مکمل ہوچکے ہیں اور بیس فیصد کیلئے مزیدفنڈ فراہم کررہے ہے،بلا امتیاز پورے ضلع کے عوام کی خدمت کررہے ہے۔ ضلع کی گلی گلی اور کوچے کوچے تک گیس پہنچا رہے ہیں اور یہ پاکستان کا واحد ضلع ہوگا کہ جہاں گیس پور ے ضلع میں پھیل جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی کو بھی پورا کررہے ہیں آئندہ تین سالوں میں بجلی کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ، ہماری اپوزیشن استاد ،پولیس ،ڈاکٹر اور پٹواری پر سیاست کررہی ہے اور ہم نے ان اداروں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کردیا ہے اور اب استاد ،سپاہی ،ڈاکٹر اور پٹواری پر ساست نہیں کرسکیں گے ،ہم نے قانون سازی کے ذریعے ان اداروں کا تحفظ فراہم کیا ہے ، تھانوں میں غریب عوام کا عزت نفس بحال کیا ،پٹوار خانوں میں کرپشن میں کمی لائی، استاد پر سیاست کا خاتمہ کیا، تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں میرٹ اور انصاف پر مبنی معاشرے کی بنیاد رکھی ،پچاس ہزار اساتذہ ،پانچ ہزار ڈاکٹر اور پندرہ ہزار پولیس اہلکار میرٹ پر بھرتی ہوئے اور میرٹ کی پالیسی اپنائی تاکہ حقدار کو ان کا حق ملے اور قابل نوجوان آگے آئے ۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ بھی اپنی ذمہ داری نبھائے اور کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ملک سے کرپشن کی لعنت کا خاتمہ ہوں ، بہت جلد ملک میں خوشحالی آئے گی اور بیروز گاری اور مہنگائی میں کمی آئے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں