پشاور،تمام کالجز میں تعمیراتی کام جون کے مہینے سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 26 فروری 2020 22:35

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیربرائے اعلی تعلیم خلیق الرحمان نے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام کالجز میں تعمیراتی کام جون کے مہینے سے پہلے پہلے مکمل کرلیے جائیں جبکہ تکمیل شدہ منصوبوں کا فوراً افتتاح کرکے ان میں تعلیمی سرگرمیاں بھی شروع کردی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ تعمیراتی کام میں اعلی کوالٹی کے میٹریل کے استعمال اور معیاری کام کو یقینی بنایاجائے کیونکہ معیارپر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔

وہ آرکائیوز ڈائریکٹوریٹ میں محکمہ اعلی تعلیم کے ADP، جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن حسن محمود یوسفزئی، سی اینڈڈبلیو کے انجینئرز اورکالجز کے سربراہان نے بھی اجلاس میںشرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس مین صوبے کے مختلف اضلاع میں نئے بننے والے، زیرتکمیل کالجز کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور مشیراعلی تعلیم کو بجٹ، کام کی نوعیت اور معیاد تکمیل پربریفنگ دی گئی۔ خلیق الرحمان نے کہاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے بجٹ فوراً ریلیز کردیاجائے جبکہ سرد اور برفانی اضلاع میں تعمیراتی کام کی بروقت تکمیل کیلئے طریقہ کار وضع کیاجائے۔ تاکہ عوامی فلاح کیلئے شروع کردہ منصوبے تاخیرکا شکارنہ ہوں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں