صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کے درمیان ملاقات

صوبہ میں امن و امان سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ، صوبہ میں بلین ٹری سونامی اور 10 بلین ٹری سونامی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی صدر مملکت کا خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار، منصوبہ کے تحت زیادہ سے زیادہ نئے پودے لگائے جائیں اور ان کی دیکھ بھال کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

جمعرات 27 فروری 2020 21:04

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کے درمیان ملاقات
پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ منصوبہ کے تحت زیادہ سے زیادہ نئے پودے لگائے جائیں اور ان کی دیکھ بھال کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پشاور کے دورہ پر گورنر ہاؤس آمد کے موقع پر بریفنگ کے دوران کیا۔

گورنر ہاؤس پہنچنے پر گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کا استقبال کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر شاہ فرمان نے گورنر ہاؤس پشاور میں ون آن ون ملاقات کی اور صوبہ کے امن و امان سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بعدازاں صدر ڈاکٹرعارف علوی کو محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبہ میں بلین ٹری سونامی اور 10 بلین ٹری سونامی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت کو بتایا گیا کہ 10 بلین ٹری سونامی پورے پاکستان کا منصوبہ ہے جبکہ خیبرپختونخوا کیلئے ایک بلین کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے جو کہ 4 سال کے عرصہ پر محیط ہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر صوبہ میں بلین ٹری سونامی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ منصوبہ کے تحت زیادہ سے زیادہ نئے پودے لگائے جائیں اور ان کی دیکھ بھال کیلئے مؤثراقدامات اٹھائے جائیں۔ علاوہ ازیں صدر مملکت کو صوبہ میں پولیو کے موذی مرض کے خاتمہ سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں