منزلہ ڈیجیٹل کمپلیکس پشاورکا قیام ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے ایک تحفہ ہے،محمودخان

ڈیجیٹل کمپلیکس پشاور کے قیام کیلئے پی سی ایس آئی آر 16 کنال اراضی فراہم کرے گی،،ڈیجیٹل کمپلیکس ضلع پشاور میں بلند ترین عمارت ہو گی جس کا قیام خیبرپختونخوا ایک شناختی علامت ثابت ہو گا،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 27 فروری 2020 21:15

منزلہ ڈیجیٹل کمپلیکس پشاورکا قیام ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے ایک تحفہ ہے،محمودخان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ 20 منزلہ ڈیجیٹل کمپلیکس پشاورکا قیام ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے ایک تحفہ ہے جبکہ کمپلیکس کا قیام وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی طرف صوبائی حکومت کا ایک عملی اور ٹھوس اقدام ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ ڈیجیٹل کمپلیکس پشاور کے پی آئی ٹی بورڈ اور وفاقی حکومت کے ادارے پی سی ایس آئی آر کے باہمی اشتراک سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔

ڈیجیٹل کمپلیکس پشاور کے قیام کیلئے پی سی ایس آئی آر 16 کنال اراضی فراہم کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پشاور ڈیجیٹل کمپلیکس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انویشن پارک، اینکوبیشن اینڈ کو ورکنگ فسلٹیز ، ڈیٹا سنٹر ، بزنس پراسس آئوٹ سورسنگ ریڈی فسلٹیز ، آئی ٹی اینڈ آئی سی ٹی کمپنیز سرکاری دفاتر ، نمائش گاہ، آڈیٹوریم اور دیگر سہولیات موجود ہوں گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی موجودگی میں کے پی آئی ٹی بورڈ اور پی سی ایس آئی آر کے مابین وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور میں ڈیجیٹل کمپلیکس پشاور کے قیام کیلئے جوائنٹ وینچرپر دستخط کی تقریب کے دوران کیا ہے۔ تقریب میں وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے آئی ٹی ضیاء الله بنگش، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، سیکرٹری آئی ٹی،ایم ڈی کے پی آئی ٹی بورڈ و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو بھی کی ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل کمپلیکس ضلع پشاور میں بلند ترین عمارت ہو گی جس کا قیام خیبرپختونخوا ایک شناختی علامت ثابت ہو گا۔ ڈیجیٹل کمپلیکس میں نوجوانوں کو تکنیکی ہنر سکھانے کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت ڈیجیٹل کمپلیکس کے ذریعے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مزید ترقی دے گی ۔ انہوںنے کہا کہ ڈیجیٹل کمپلیکس سے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ بین الاقوامی آئی ٹی سیکٹر سے وابستہ سرمایہ کار ، صنعتکاراور خصوصاًنوجوان مستفید ہوں گے جبکہ ڈیجیٹل کمپلیکس پشاور میں نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے ۔

ڈیجیٹل کمپلیکس کے قیام سے تعلیمی اداروں اور انڈسٹریز کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ ڈیجیٹل کمپلیکس سے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو خاطر خواہ ترقی ملے گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈیجیٹل کمپلیکس پشاور کا قیام صوبے کا سب سے پہلا اور بڑا آئی ٹی منصوبہ ہے ۔ اس موقع پروفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ آج صوبہ خیبرپختونخوا اور خصوصی طور پر پشاور کیلئے تاریخی دن ہے ۔

ڈیجیٹل کمپلیکس یقینا شعبہ آئی ٹی کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ اُنہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت آئی ٹی کے فروغ اور ڈیجیٹل پاکستان کیلئے پر عزم ہے ۔ ڈیجیٹل کمپلیکس منصوبے کا مقصد صوبے میں نالج بیسڈ اکنامی کو فروغ دینا ہے جس میں کاروبار ی صلاحیتوں کی ترقی کیلئے سہولیات کی فراہمی بلاواسطہ اور بلا واسطہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا ، انڈسٹری اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ تنظیموں کے مابین فاصلوں کو ختم کرنا ہے ۔

ڈیجیٹل کمپلیکس کے قیام سے انٹر پرینورشپ کو فروغ دیا جائے گا جبکہ پورے ملک میں سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مزید ترقی دی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ڈیجیٹل کمپلیکس پشاور کو دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک افغانستان میں امن لوٹ آیا ہے جبکہ پورے خطے میں امن سے پشاور سنٹرل ایشیاء ممالک کیلئے گیٹ وے ثابت ہو گا۔

ڈیجیٹل کمپلیکس خیبرپختونخوا کو آئی ٹی کی دُنیا میں مزید ترقی دے گا۔ اُنہوںنے کہاکہ پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ہی آگے جا سکتا ہے ۔ خیبرپختونخوا میں سیاحت ، ہائیر ایجوکیشن میں خاطرخواہ اضافہ ہو ا ہے ۔ ڈیجیٹل کمپلیکس کے قیام سے پشاور شہرایک سنٹرلائز سٹی بنے گاجس سے صوبے سمیت پورے ملک کو فائدہ ہو گا۔ انہوںنے عندیہ دیا کہ خیبرپختونخوا حکومت سے مل کر آئی ٹی شعبہ میں مزید منصوبے بروئے کار لائیں گے ۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے وفاقی حکومت تما م تر تعاون فراہم کرے گی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں