خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان ٹیلی ویژن کے اشتراک سے نوجوانوں کے لئے تربیتی پروگرام کا آغاز

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیا اللہ بنگش کی اسلام آباد میں ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور سے ملاقات

جمعہ 28 فروری 2020 20:16

خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان ٹیلی ویژن کے اشتراک سے نوجوانوں کے لئے تربیتی پروگرام کا آغاز
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لئے صوبے میں مختلف تربیتی پروگرام جاری ہیں، ان پروگرامز میں حصہ لیکر نوجوان باعزت روزگار شروع کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ضیااللہ بنگش نے اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی ویژن کے منیجنگ ڈاریکٹر عامر منظور سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ایم ڈی ڈاکٹر شہباز خان اور دوسرے عہدہ دار بھی موجود تھے۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی وی سنٹر پشاور اور خیبرپختونخوا اآئی ٹی بورڈ کی باہمی اشتراک سے صوبے کے نوجوانوں کے لئے تربیتی پروگرام شروع کیا جائے گا، جس میں نوجوانوں کو دور جدید کے تقاضوں کے عین مطابق مختلف ڈیجیٹل سکلز سکھائے جائینگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشیربرائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیا اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ دونوں اداروں کے اشتراک سے شروع کئے جانے والے ٹریننگ سے نوجوانوں کو باعزت روزگار شروع کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں شروع کئے جانے والے تربیتی پروگرام میں نوجوانوں کو کری ایٹیو رائٹنگ، ویڈیو بلاگ، اینیمیشن، ویڈیوگرافی اور فری لانسنگ جیسے ہنر سکھائے جائینگے جس کو حاصل کرنے کے بعد نوجوان اس قابل ہوجائنگے کہ خود کا روزگار شروع کرسکے۔

ضیااللہ بنگش کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہے، ان کی ترقی کے لئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ منیجنگ ڈاریکٹر پاکستان ٹیلی ویڑن عامر منظور نے مشیربرائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیا اللہ بنگش کو اپنے ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں