ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کی سہولت کیلئے لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،علی امین گنڈہ پور

ہفتہ 28 مارچ 2020 23:42

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2020ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈہ پور نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کی سہولت کیلئے لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو کہ دو روز میں مکمل فعال کر دی جائیگی۔لیبارٹری میں بیک وقت 14ٹیسٹ جبکہ 3گھنٹے میں رزلٹ فراہم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے ان خیالات کاا ظہارانہوں نے سرکٹ ہاس ڈیرہ اسماعیل خان میں مقامی صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)واحد محمود بھی موجود تھے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، پاک آرمی، انتظامیہ، پولیس سمیت تمام فرنٹ لائن پر موجود اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بروقت قرنطینہ سنٹرز کے قیام سمیت دیگر اقدامات قابل ستائش ہیں لہذا عوام افراتفری سے گریز کریں، احتیاط برتیں اور حکومت کی جانب سے جاری ہدایات پر عملدرآمد کریں۔انہوں نے بتایاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ساڑھے بارہ سو ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں 20ہزار خاندانوں کو پیکج دیا جائیگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے موقع پر وینٹی لیٹرز کی فراہمی کی منظوری دی تھی اس سلسلے میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کو وینٹی لیٹرز فراہم کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قرنطینہ سنٹر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات اور اقدامات تسلی بخش ہیں وہاں پر موجود ہر فرد کا یکساں خیال رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکو مت نے یوٹیلیٹی سٹورز کا خاتمہ کر دیا تھا تاہم ہماری حکومت نے ان کو بحا ل کیا اور ان کی استعداد کو بھی وقت کے ساتھ بڑھا یا جا رہا ہے لہذا اس سلسلے میں جو چند ایک شکایا ت ہیں انکا جلد ازالہ کر لیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں واپڈا سے متعلق مسائل کے پیش نظر یارک گرڈ سٹیشن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جبکہ مزید گرڈ سٹیشنز پر کام جاری ہے اور اب ٹرپنگ اورکم وولٹج کے مسائل پر کافی حد تک قابو پا یا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجود ہ حالات میں ہمیں ایک قوم بن کر دکھا نا ہو گااور اگر اسی طرح متحد ہو کر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرتے رہے تو انشا اللہ معاشی طور پر بھی مضبوط رہیں گے کیونکہ اس وقت معیشت پوری دنیا کیلئے چیلنج بن چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے مختلف مقامات پر قرنطینہ سنٹرز کا قیام مختلف پلان کا حصہ ہیں اور قبل ازوقت اقدامات اٹھانے کی ضرورت کے پیش نظر انکا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر من و عن عملدرآمد کریں اور غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں