سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اصرار پر پی ڈی اے نے یونیورسٹی روڈ پر سڑک کی کشادگی پر کام شروع کردیا

اتوار 5 اپریل 2020 18:35

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2020ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اصرار پر پی ڈی اے نے یونیورسٹی روڈ پر سڑک کی کشادگی پر کام شروع کردیا۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر گل حاجی پلازہ کے مقام پر کراس بطرف پشاور یوٹرن مقررہ حد سے کشادہ تھا جس کے باعث سڑک کا حصہ کم پڑ گیا تھا اور ٹریفک کی روانی میں خلل آنے سمیت شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا جس پر کیپٹل سٹی پولیس آفیسر محمد علی گنڈاپورکی ہدایت پر سٹی ٹریفک حکام نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ای)کے حکام کے ساتھ مسئلہ اٹھایا جس پر مذکورہ محکمے کی جانب سے کام شروع کردیا گیا ہے جس کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔

ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ اعلامیہ میں پی ڈی اے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کی آپس میں کوآرڈی نیشن سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکار نہ صرف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھے گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ مسائل کی نشاندہی بھی کرتی رہیگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک مسائل پر قابو پانے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس مختلف محکموں کے ساتھ رابطے میں ہے اور جہاں کہیں بھی ہمیں ایک دوسرے کی ضرورت ہو تو ہم آپس میں تعاون کرینگے تاکہ اس کا فائدہ عوام کو پہنچ سکے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں