وفاقی حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے تمام صوبوں کی بھرپور معاونت کر رہی ہے، موجودہ صورتحال میں حکومت کی توجہ وباء پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ غریب طبقہ کو ریلیف فراہم کرنے پر بھی مرکوز ہے،وزیراعظم عمران خان

گورنر خیبرپختونخوا، وزیراعلیٰ اور وزراء کو صوبہ کے متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کرنے اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت

جمعہ 10 اپریل 2020 15:45

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2020ء) وزیراعظم عمران خان نی گورنر خیبرپختونخوا، وزیراعلیٰ اور متعلقہ وزراء کو صوبہ کے متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کرنے اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے تمام صوبوں کی بھرپور معاونت کر رہی ہے اور یہ تعاون جاری رہے گا، موجودہ صورتحال میں حکومت کی توجہ وباء پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کمزور اور غریب طبقہ کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر، وزیر مملکت شہریار آفریدی، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان اور صوبائی وزیر صحت موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کورونا وباء کے پیش نظر صوبائی حکومت کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے 6 اضلاع میں کورونا وائرس کی وباء دیگرعلاقوں کی نسبت زیادہ پائی گئی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے 3 فروری کو کورونا ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔ گورنر، وزیراعلی، وزیر صحت اور اعلیٰ حکام روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں 275 قرنطینہ سنٹر بنائے گئے ہیں جن میں کل 18,000 افراد کی گنجائش موجود ہے۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی سطح پر حال ہی میں 32 ارب کے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں 583 وینٹیلیٹر موجود ہیں جن کی تعداد کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ ایمرجنسی کے تحت صوبہ میں 638 ریگولر اور 1299 کنٹریکٹ پر اضافی ڈاکٹر بھرتی کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 9 ہزار ریٹائرڈ ڈاکٹر، نرسیں اور پیرا میڈک سٹاف نے رضاکاروں کے طور پر رجسٹریشن کرائی ہے جن کو بوقت ضرورت بلایا جائے گا، صوبے میں سرکاری سطح پر 400 ریپیڈ رسپانس ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا ٹیسٹنگ کی استعدادکو بڑھایا جا رہا ہے، ضلعی انتظامیہ کو اختیارات تفویض کر دیئے گئے ہیں تاکہ عوام کی سہولت کیلئے اقدامات کئے جاسکیں۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ موجودہ صورتحال میں حکومت کی توجہ وباء پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کمزور اور غریب طبقہ کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ وزیراعظم نی کہا کہ وفاقی حکومت اس وباء پر قابو پانے کیلئے تمام صوبوں کی بھرپور معاونت کر رہی ہے اور یہ تعاون جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے گورنر، وزیراعلیٰ اور متعلقہ وزراء کو ہدایت کی کہ وہ صوبے کے متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کریں اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں