وزیرہائوسنگ کی زیرصدارت جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں بجلی کی ترسیل کے حوالے سے اجلاس

جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں تعمیراتی کام کا ذیادہ تر حصہ مکمل ہوچکا ہے، تقریباً دس ہزار کنال پر محیط یہ ہاوسنگ سکیم حیات آباد کے بعد صوبے کا دوسرا بڑا ہاوسنگ پراجیکٹ ہے، جو اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے،،ڈاکٹرامجدعلی

منگل 14 جولائی 2020 16:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی اور چیف ایگزیکٹیو پیسکو محمد جبار خان نے جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں بجلی کی ترسیل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پروانشل ہاوسنگ اتھارٹی عمران وزیر سمیت پیسکو اور پی ایچ اے کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی اور جلوزئی ہاوسنگ سکیم کے لئے گریڈ اسٹیشن کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔

اجلاس سے خطاب میں وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں تعمیراتی کام کا ذیادہ تر حصہ مکمل ہوچکا ہے، تقریباً دس ہزار کنال پر محیط یہ ہاوسنگ سکیم حیات آباد کے بعد صوبے کا دوسرا بڑا ہاوسنگ پراجیکٹ ہے، جو اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا وبائ کی وجہ سے ہاوسنگ سکیم میں پلاٹس مالکان کو قبضہ دینے کا عمل تاخیر کا شکار ہوا، تاہم اب یہ عمل دسمبر تک مکمل کرلیا جائیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاوسنگ سکیم کے لئے گریڈ اسٹیشن کی تعمیر سے قبل عارضی طور پر بجلی کی سپلائی مہیا کی جائے، تاکہ اس پراجیکٹ میں گھروں کی تعمیر کا سلسلہ جلد سے جلد شروع کیا جاسکیں۔ پیسکو چیف محمد جبار خان نے گریڈ اسٹیشن کے قیام کی جلد سے جلد یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ محکمہ ہاوسنگ بجلی کی ترسیل کے حوالے سے تمام تر باقی ماندہ لوازمات ایک ماہ کے اندر پورا کریں، تاکہ عارضی سطح پر بجلی کی فراہمی شروع کی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ گریڈ اسٹیشن کے قیام تک ہاوسنگ اسکیم کو عارضی طور پر بجلی کی فراہمی جاری رہیگی۔ انہوں نے پیسکو حکام کو گریڈ اسٹیشن پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ملاقات میں ہاوسنگ سکیم میں بجلی کی مسلسل سپلائی اور سروسز کی بہتر فراہمی کے لئے جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں ایس ڈی او آفس، ایکسین آفس، کمپلیٹ آفس اور ان کی رہائش کے لئے جگہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر امجد علی نے اپنے حلقہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا مسئلہ بھی اٹھایا، انہوں نے پیسکو چیف سے اپنے حلقہ میں ای ایل آر، اور ٹرانسفرمرز کی اپ گریڈیشن کا مسئلہ بھی اٹھایا، جس پر چیف پیسکو نے تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرادی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں