وزیراعظم عمران خان نے پشاور بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کردیا

منصوبے سے پشاور اور گرد و نواح کے شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم ہوں گی، بی آر ٹی کا ٹریک 27 کلو میٹر، فی سٹاپ کرایہ 10 روپے ، مکمل سفر 50 روپے میں ہوگا

جمعرات 13 اگست 2020 16:23

وزیراعظم عمران خان نے پشاور بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کردیا
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ جمعرات کو وزیر اعظم عمران نے پشاور کے دورہ کیا جہاں انہوں نے بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کے علاوہ وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور صوبائی وزرا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان کو اس موقع پر منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بی آر ٹی کی تکمیل سے پشاور اور گرد و نواح کے شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔ افتتاحی تقریب چمکنی ڈپو میں منعقد ہوئی۔ بی آر ٹی کا ٹریک 27 کلو میٹر ہے، بی آر ٹی کا فی سٹاپ کرایہ 10 روپے جبکہ مکمل سفر 50 روپے میں ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک سٹیشن سے دوسرے سٹیشن کا فاصلہ 850 میٹر ہے۔

حکومت کی جانب سے بی آر ٹی بس میں سفر کیلئے شہریوں میں صرف 3 دنوں میں 80 ہزار کارڈ مفت تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ بی آر ٹی منصوبے پر کام کا آغاز اکتوبر سال 2017 میں ہوا جس کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم 6 ماہ گرزنے کے بعد کام مکمل نہیں کیا جاسکا اور اگلی تاریخ دی گئی جس کے بعد تاریخوں کی تبدیلی کا سلسلہ جاری رہا۔ رواں سال آخری بار صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے منصوبہ جون 2020 ء میں مکمل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ بی آر ٹی منصوبے کا روٹ مکمل کر لیا گیا ہے تاہم کوریڈور سے متصل کمرشل پلازے اور دیگر عمارات کورونا وائرس کی وبا کے باعث مکمل نہیں کی جاسکیں، جنہیں عنقریب مکمل کرنے کا عندیہ بھی دے دیا گیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں