بی آر ٹی پشاور بسوں میں آگ لگنے کے واقعات، اصل ذمے دار صوبائی حکومت

بسوں کا ٹھیکہ ایک ایسی کمپنی کو دیے جانے کا انکشاف، جو بی آر ٹی بسیں بنانے کا تجربہ ہی نہیں رکھتی تھی

muhammad ali محمد علی جمعرات 22 اکتوبر 2020 00:43

بی آر ٹی پشاور بسوں میں آگ لگنے کے واقعات، اصل ذمے دار صوبائی حکومت
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 اکتوبر2020ء) چینی کمپنی نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آرٹی) بسوں میں آگ لگنے کے واقعات کی رپورٹ خیبر پختونخوا حکومت کو پیش کردی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت کے سب سے بڑے منصوبے پشاور بی آر ٹی کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق بی آر ٹی بسوں میں لگنے والی آگ کی اصل ذمے دار صوبائی حکومت ہے، جس نے ایک ناتجربہ کار کمپنی کو بسوں کا ٹھیکہ دیا۔

بتایا گیا ہے کہ منصوبے کیلئے بسوں کی فراہمی کا ٹھیکہ ایک ایسی کمپنی کو دیا گیا جس نے کبھی بھی ہائبرڈ بسیں نہیں بنائیں۔ جبکہ بولی کے دوران ایک مشہور چینی کمپنی نے بھی حصہ لیا تھا، جو ہائبرڈ بسیں بنانے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے، لیکن اس کمپنی کی بجائے ایک ناتجربہ کار چینی کمپنی کو ٹھیکہ دے دیا گیا۔

(جاری ہے)

جس تجربہ کار چینی کمپنی کو ٹھیکہ نہیں دیا گیا، اس کمپنی نے بھی صوبائی حکومت کے فیصلے پر سوال اٹھایا، کہ آخر کس وجہ سے اس کمپنی کی بجائے ایک ایسی کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا، جو ہائبرڈ بسیں بنانے کا تجربہ ہی نہیں رکھتی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل چینی کمپنی کی جانب سے پشاور بی آر ٹی بسوں میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے حوالے سے تیار کردہ رپورٹ پیش کر دی گئی تھی۔ رپورٹ آگ لگنے کی وجہ غیرمعمولی بیرونی حالات اور کم گنجائش کے کیپیسیٹر قرار دیے گئے۔ خیبرپختونخوا حکومت کو پیش کی گئی رپورٹ پر چینی کمپنی نے کہا ہے کہ تمام آلات کی تبدیلی اور آزمائشی بنیادوں پر بسیں چلا کر بی آر ٹی بس سروس 25 اکتوبر تک بحال کردی جائے گی۔

چینی کمپنی نے کہا ہے کہ معاہدے کے مطابق تمام بسوں کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ کرنٹ کی غیرمعمولی ترسیل کے باعث کیپیسٹر کی کارکردگی متاثرہوئی جس کے باعث ہونے والا شارٹ سرکٹ بسوں میں آگ لگنے کا باعث بنا۔ ترجمان بی آر ٹی کے مطابق بس کمپنی نے ان تمام مسائل کا دیرپا حل تلاش کرلیا ہے، بسوں کے موٹر کنٹرولرز کو اپڈیٹ اور تبدیل کیا جارہا ہے۔ بی آر ٹی کی بسیں اور ان کے پرزہ جات وارنٹی کے ساتھ لیے گئے ہیں۔ یہاں یاد رہے کہ بسوں میں آگ لگنے کے واقعات کے بعد بی آر ٹی سروس گزشتہ معطل کر دی گئی تھی۔ سروس کی معطلی کو ایک ماہ سے زائد کا وقت ہوگیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں