وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کامقبوضہ کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار

ہم بھارتی ظلم و تشدد کے خلاف کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور تادم آزادی ان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،محمودخان

پیر 26 اکتوبر 2020 23:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے مقبوضہ کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھارتی ظلم و تشدد کے خلاف کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور تادم آزادی ان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے نہتے کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ فاشسٹ بھارتی سرکار کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے ، وہ جتنے بھی کوشش کرلے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کے حق خودارادیت سے محروم نہیں کر سکتا۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ہم نہتے کشمیری مسلمانوں پر بھارتی ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کر تے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے تھے ، آج بھی کھڑے ہیں اورمقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی تک کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بھارتی حکومت انسانیت کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے ، بھارتی افوج نے نہتے کشمیریوں پر کرفیو نافذ کر کے پورے مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر رکھا ہے جوکہ عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کے اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

محمود خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سنجیدگی سے کوشاں ہے، وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو جس طرح بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ پاکستان کی دانشمندانہ حکمت عملی کی وجہ سے آج بھارت کو سفارتی سطح پر تنہائی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں تاہم ہماری امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے، ہم اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک ان کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے، اس کے بغیر دیرپا امن کا قیام ممکن ہی نہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں