ملگری وکیلان کی جیت پشتون قوم اور باچا خان کے پیروکار کی جیت ہے، اسفندیار ولی خان

بنچ و بار کے تقدس کو قائم رکھنے اور آزاد عدلیہ کیلئے کوششیں ہرفورم پر جاری رہے گی، آزاد عدلیہ جمہوریت کی بنیاد ہے اور وکلا کی جمہوریت کیلئے قربانیوں سے انکار ممکن نہیں،مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی

اتوار 29 نومبر 2020 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان اور صوبائی صدر ایمل ولی خان نے خیبرپختونخوا بار کونسل میں اکثریتی نشستوں پر ملگری وکیلان کے امیدواروں کی کامیابی پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ملگری وکیلان ہی نہیں بلکہ پوری پشتون قوم اور باچاخان کے پیروکاروں کی جیت ہے۔

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا بار کونسل کے نومنتخب ممبران دیگر وکلا کے ساتھ مل کر مزید جذبے کے ساتھ کام کرینگے۔ آج کے دن ملگری وکیلان کے رہنماں اور تمام وکلا کی محنت رنگ لائی ہے۔ بنچ و بار کے تقدس کو قائم رکھنے اور آزاد عدلیہ کیلئے کوششیں ہرفورم پر جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ جمہوریت کی بنیاد ہے اور وکلا کی جمہوریت کیلئے قربانیوں سے انکار ممکن نہیں۔اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ اس مٹی کے حقیقی وارث دراصل باچاخان کے پیروکار ہی ہیں۔ باچاخان کے پیروکاروں نے عدم تشدد کے فلسفے کے ذریعے ہر وقت اس مٹی کا دفاع کیا ہے۔ ملگری وکیلان کی جیت دراصل باچاخان کے فلسفے اور نظریے کی جیت ہے۔ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے خلاف کسی بھی مہم یا ساز ش کے خلاف ملگری وکیلان اور اے این پی شانہ بشانہ ہوں گے اور امید ظاہر کی کہ پختونخوا بار کونسل کے نو منتخب ممبران صوبے کے عوام کے حقوق کی جنگ مزید جذبے کے ساتھ لڑے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں