بلین ٹری منصوبے سے متعلق عدالتی حکم کی تعمیل کریں گے، محمود خان

سپریم کورٹ بلین ٹری منصوبے کی ساری تفصیل جمع کروائیں گے، پچھلے دور حکومت میں ایک ارب 20 لاکھ درخت لگائے، اس حکومت میں مزید ایک ارب درخت لگائیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 3 دسمبر 2020 20:20

بلین ٹری منصوبے سے متعلق عدالتی حکم کی تعمیل کریں گے، محمود خان
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 دسمبر2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے کہا ہے کہ بلین ٹری منصوبے سے متعلق عدالتی حکم کی تعمیل کریں گے، سپریم کورٹ بلین ٹری منصوبے کی ساری تفصیل جمع کروائیں گے، پچھلے دور حکومت میں ایک ارب 20 لاکھ درخت لگائے، اس حکومت میں مزید ایک ارب درخت لگائیں گے۔انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلین ٹری منصوبے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق جواب جمع کروائیں۔

بلین ٹری سونامی منصوبہ ہمار افلیگ شپ منصوبہ ہے۔ پچھلے دور حکومت میں تحریک انصاف نے ایک ارب 20 لاکھ درخت لگائے۔اس حکومت میں مزید ایک ارب درخت لگائیں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان بھی واضح کرچکے کہ سپریم کورٹ کو بلین ٹری کے تمام منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے معاون خصوصی ملک امین اسلم سے ملاقات میں ہدایت کی کہ بلین ٹری منصوبے سے متعلق تمام تفصیلات عدالت کو فراہم کی جائیں۔

عمران خان نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کو نئی نسل کی فکر ہے، جو انتہائی خوش آئند ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کی ہدایات کی روشنی میں بلین ٹری منصوبہ زیادہ بہتر ہوگا۔ واضح رہے منگل کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کے10بلین ٹری سونامی منصوبے کے معاملہ پر نوٹس لیتے ہوئے تمام ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے دریاؤں اور نہروں کے کناروں پر شجرکاری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت سندھ حکومت کی طرف سے رپورٹ نہ آنے پر عدالت نے سرزنش کرتے ہوئے حکم دیا کہ جھیلوں اور شاہراؤں کے اطراف بھی درخت لگائے جائیں۔ چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا کہ عدالتی حکم عدولی پر سندھ کے افسران کو توہینِ عدالت کے نوٹس جاری کریں گے، سندھ کے افسران جیل بھی جائیں گے اور نوکری سے بھی، توہینِ عدالت کا نوٹس ملا تو ساری جمع پونجی ختم ہو جائے گی۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ بڑی مغرور ہے، اسلام آباد میں 5 لاکھ درخت کہاں لگائے ہیں اسلام آباد انتظامیہ کے حکام نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ تمام تفصیلات عدالت میں جمع کرائیں گے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ نے سارے درخت بنی گالہ میں ہی لگائے ہوں گے، اسلام آباد میں درخت کٹ رہے ہے، کشمیر ہائی وے پر بے ترتیب درخت لگے ہیں، درخت خوبصورتی کے بجائے بد صورتی پیدا کر رہے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں