ْ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کا پولیس لائن نوشہرہ کا دورہ

پولیس اسٹیشنز کے اندر حوالات ،محرر اور SHOs کے دفاتر کی نگرانی کیلئے نئے نصب شدہ CCTV نظام کا معائنہ کیا کیمروں کی تنصیب سے پولیس کے رویئے ،عوام کی بروقت مدد سمیت تھانہ جات کے اندر ہر فعل پر نظر رکھی جائیگی، آئی جی پی

اتوار 24 جنوری 2021 19:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2021ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے ضلع نوشہرہ کا دورہ کیا۔ پولیس لائن نوشہرہ پہنچنے پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے آئی جی پی سلامی دی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس افیسر کیپٹن(R)نجم الحسنین اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام ان کے ہمراہ موجود تھے۔ آئی جی پی نے پولیس اسٹیشنز کے اندر حوالات، محرر اور SHOs کے دفاتر کی نگرانی کیلئے نئے نصب شدہ CCTV نظام کا معائنہ کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افیسر کیپٹن(R)نجم الحسنین نے تھانوں میں نصب نئے CCTV سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پی کو بتایا گیا کہ تینوں تھانوں کے اندر حوالات، محرر اور ایس ایچ اوز کے دفاتر میں کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں۔ نوشہرہ کے 03 تھانوں میں کیمروں کا نظام فعال بنادیا گیا ہے، جبکہ باقی میں جلد فعال کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

آئی جی پی کو مزید بتایا گیا کہ تینوں پولیس اسٹیشنز میں نصب شدہ کیمرے براہ راست DPO آفس اور مانیٹنرنگ روم سے منسلک ہیں، جبکہ سنٹرل پولیس آفس کو بھی اس تک رسائی حاصل ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس کو تھانوں میں نصب کیمروں سے حوالات، محرر اور ایس ایچ او دفاتر کی براہ راست فوٹیج دیکھا کر نگرانی کا عملی مظاہرہ کرایا گیا۔ بعد ازاں آئی جی پی نے پولیس سٹیشن نوشہرہ کلاں کا دورہ کیا اور وہاں پر نصب کیمروں کا معائنہ کیا۔ آئی جی پی نے پولیس سٹیشن کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، تھانے کا ریکارڈ چیک کیا اور پولیس اہلکاروں سے ان کے کام کے بارے میں آگاہی حاصل کی اور ان کے مسائل سنے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئیآئی جی پی نے کہا کہ کیمروں کی تنصیب سے پولیس کے رویئے ،عوام کی بروقت مدد سمیت تھانہ جات کے اندر ہر فعل پر نظر رکھی جائیگی۔ اور ان اقدامات سے تھانے کی سطح پر پولیس کے خلاف عوامی شکایات اور لاک آپ میں مبینہ پولیس تشدد کا خاتمہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں