کورونا کی موجودہ تشویشناک صورتحال میں اپنے حجروں میں عوامی سرگرمیوں کو بند کردیا جائے : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی صوبائی وزراء و ممبران کو ہدایت

جمعہ 16 اپریل 2021 22:16

کورونا کی موجودہ تشویشناک صورتحال میں اپنے حجروں میں عوامی سرگرمیوں کو بند کردیا جائے : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی صوبائی وزراء و ممبران کو ہدایت
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2021ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی وزراء اور ممبران صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا کی موجودہ تشویشناک صورتحال میں اپنے حجروں میں عوامی سرگرمیوں کو بند کریں اور حجروں میں رش لگانے سے گریز کریں تاکہ اس وباء کے مزید پھیلاو کو روکا جاسکے۔ وزیر اعلی نے صوبائی وزراء اور ایم پی ایز کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقاریب کے موقعوں پر زیادہ تعداد میں لوگوں کو اکھٹا نہ کریں اور ایسے مواقعوں پر ایس او پیز پر عملدرآمد کا خاص خیال رکھیں۔

یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کے روز صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ صوبے میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی نے منتخب عوامی نمائندوں، علمائے کرام، اور رائے عامہ ہموار کرنے والے دیگر طبقوں پر زور دیا کہ وہ کورونا وبا کے مزید پھیلاو کو روکنے کے لئے ایس او پیز اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور عام شہریوں کو اس بات پر قائل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے منتخب عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی روابط میں رہیں۔ وزیر اعلی نے علمائے کرام سے خصوصی اپیل کی کہ وہ مساجد خصوصا نماز تراویح اور نماز جنازوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں اور اس سلسلے میں جمعہ کے خطبات میں عوام کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ترغیب دیں۔

وزیر اعلی نے شہریوں اور کاروباری حضرات سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے ایس او پیز اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ اس وبا کے بڑے پیمانے پر پھیلاو کو روکا جاسکے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ حکومت اور انتظامیہ اس وبا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے ، حکومت کے ان اقدامات کا واحد مقصد لوگوں کو اس وباء سے محفوظ رکھنا ہے لہذا یہ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ان اقدامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ اس نازک صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جاسکے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لئے فیس ماسک کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں