جج آفتاب آفریدی پر فائرنگ کرنے والے دو مرکزی شوٹرز کو گرفتار کر لیا گیا

دونوں نے دو مختلف گاڑیوں سے جج آفتاب آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ کی، تفتیش میں مزید ساتھیوں کے نام اگل دئیے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 23 اپریل 2021 13:16

جج آفتاب آفریدی پر فائرنگ کرنے والے دو مرکزی شوٹرز کو گرفتار کر لیا گیا
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اپریل2021ء) صوابی پولیس نے جج آفتاب آفریدی، اہلیہ، بہو اور کمسن پوتے کو گاڑی پر فائرنگ کر کے قتل کرنے والے دو مرکزی شوٹرز کو گرفتار کر لیا ہے۔ڈی پی او صوابی شعیب خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ چار اپریل کو کو دونوں ٹارگٹ کلر محمد ذاکر اور شہزاد نے دو مختلف گاڑیوں سے جج آفتاب آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

2 ٹارگٹ کلرز کا تعلق ضلع پشاور سے ہے، ملزم ذاکر نے تفتیش کے دوران مزید ساتھیوں کے نام بھی اگلدیے ہیں انہوں نے کہا کہ پولیس نے اب تک کیس میں 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ ہے عبدالماجد آفریدی سکنہ مقصود آباد جاگ کلے پشاور حال سیکٹر ایف 17اسلام آباد نے گذشتہ رات تھانہ چھوٹا لاہور میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد آفتاب آفریدی اے ٹی سی ون سوات میں بطور جج ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اتوار کے روزمقصود آباد پشاور میں ماموں زاد عدنان سمیع کی شادی کے سلسلے میں ہم پشاور گئے تھے جہاں سے فارغ ہونے کے بعد والد آفتاب آفریدی ، والدہ ، میری بیوی اور میرا بائیس ماہ کا شیر خوار بچہ محمد ثنان، ڈرائیور کانسٹیبل ذاکر اور گنر کانسٹیبل دائود سرکاری کار نمبرAAپشاور 4871میں اورانکے پیچھے اپنی ذاتی کار نمبر4470 میں میں بمعہ ماموں زاد ظہور شہزاد ولد شہزاد گل اور پھوپھی زادعادل ولد دولت خان ساکنان جاگ کلے پشاور کے ساتھ پشاور اسلام آباد موٹر وے پر اسلام آباد جارہے تھے جب ہم صوابی انٹر چینج کے حدود میں قیام و طعام سنٹر کے مقام پر پہنچے تو پیچھے سے دو موٹر کار جن میں ایک سفید کرولا کار میں دانش آفریدی ولد عبدالطیف آفریدی سکنہ حیات آباد پشاور ، جمال آفریدی ولد گل مست شاہ آفریدی ساکنان سخی پل غنڈے تحصیل جمرود ضلع خیبر اور دو نامعلوم افراد اور دوسری سیاہ رنگ کار میں عابد ولد وزیر اکبر سکنہ بشیر آباد پشاور ، محمد شفیق ولد بادشاہ خان سکنہ سخی پل غنڈے جمرود اور دو نامعلوم مسلح افراد بیٹھے تھے یہ ہمارے کار سے آگے ہو کر والد کے کار کے نزدیک پہنچنے پر ان کی کار پر اسلحہ آتشین سے با ارادہ قتل فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں کار ایک سائیڈ پر لگ جانے سے کار کھڑا ہو گیا ملزمان نے بھی اپنی کار کھڑی کر دی جب کہ میں نے اپنی کار کچھ فاصلے پرروکا ملزمان نے اپنے اپنے کاروں سے نیچے اُتر کر میرے والد کی کار پرجمیل ولد گل مست شاہ سکنہ مقصود آباد جاگ کلے حال بیرون ملک جرمنی اور عبدالطیف آفریدی ولد حکمت شاہ سکنہ حیات آباد پشاور کی ایماء پر اپنے اپنے اسلحہ آتشین سے با ارادہ قتل فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں میرا والد ، والدہ ، میری بیوی اور میرا شیر خوار بچہ موقع پر جاں بحق جب کہ فائرنگ سے گنر کانسٹیبل دائود، ڈرائیور کانسٹیبل ذاکر شدید زخمی ہو گئے اور کار کو نقصان پہنچا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں