وزیراعلیٰ محمود خان سے تاجروں کی گیارہ رکنی کمیٹی کی ملاقات

صدر تاجر انصاف شاہد خان نے تاجروں کو درپیش مسائل اور نقصانات بارے آگاہ کیا‘ رمضان المبارک میں ریلیف فراہم کرنیکی اپیل

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 23 اپریل 2021 15:41

وزیراعلیٰ محمود خان سے تاجروں کی گیارہ رکنی کمیٹی کی ملاقات
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل 2021ء،نمائندہ خصوصی،امجد علی خان) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے تاجروں کی گیارہ رکنی کمیٹی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی‘ پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ‘ صدر تاجر انصاف شاہد خان ، ملک مہر الٰہی‘ حاجی افضل‘ مجیب الرحمان‘ غلام بلال جاوید‘ حبیب اللہ زاہد‘ خائستہ گل اور دیگر بھی موجود تھے۔

صدر تاجر انصاف شاہد خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو تاجروں کو درپیش مسائل‘ لاک ڈاؤن کے دوران ہونے والے نقصانات‘ پولیس و انتظامیہ کی پکڑ دھکڑ اور دیگر مسائل بارے آگاہ کیا اور کہا کہ کورونا وائرس کی گزشتہ دو لہروں کے دوران تاجروں کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا تاہم حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کیا گیا جس پر ان میں شدید مایوسی کی لہر دوڑی ہے جبکہ کورونا کی تیسری لہر کے دوران بھی حکومت کی جانب سے ہفتے میں دو دن لاک ڈاؤن اور شام چھ بجے دکانوں کی بندش سے تاجر تذبذب کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ رمضان المبارک تاجروں کا سیزن ہوتا ہے جس میں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی پابندیاں لگا دی گئیں ہیں۔

(جاری ہے)


انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ ہفتے میں دو دن چھٹیاں ختم جبکہ رات 12 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے تاجروں کے مسائل سن کر اسے حل کرنے کی ہدایت کی جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر بھی احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے تاجروں کے مسائل کہ حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جبکہ حکومت تاجر برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے تاہم کورونا وائرس کی تیسری لہر گزشتہ لہروں سے کافی خطرناک ہے جس میں کیسز اور اموات کی شرح زیادہ ہے اس سلسلے میں تاجر حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی اجلاس میں تاجر برادری  کے نقصانات اور انہیں رمضان المبارک میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضرور آواز اٹھاؤنگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں