بزرگ سیاست دان بیگم نسیم ولی خان انتقال کرگئیں

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کی والدہ اور اے این پی کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی اہلیہ بیگم نسیم ولی خان صوبہ خیبر پختون خوا سے منتخب ہونے والی پہلی خاتون سیاست دان تھیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 مئی 2021 10:24

بزرگ سیاست دان بیگم نسیم ولی خان انتقال کرگئیں
پشاور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2021ء ) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کی والدہ اور اے این پی کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی اہلیہ بزرگ سیاست دان بیگم نسیم ولی خان انتقال کرگئیں۔ تفصیلات کے مطابق بیگم نسیم ولی خان 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں ، ان کی موت تصدیق کرتے ہوئے اہل خانہ نے بتایا کہ مرحومہ شوگر اور عارضہ قلب میں مبتلا تھیں ، جن کی نماز جنازہ آج شام 6 بجےولی باغ چارسدہ میں اداکی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ مرحومہ اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی کی سوتیلی والدہ اور خان عبدالولی خان مرحوم کی اہلیہ تھیں، بیگم نسیم ولی خان صوبہ خیبر پختون خوا سے منتخب ہونے والی پہلی خاتون سیاست دان تھیں ، وہ ایک بار رکن قومی اسمبلی اور 3 بار رکن صوبائی اسمبلی رہ چکی ہیں ، وہ عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی صدر بھی تھیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق بیگم نسیم ولی خان کی پیدائش اور پرورش ایک قدامت پسند سیاسی گھرانے میں ہوئی، 1975ء میں وہ اس وقت سیاست میں آئیں جب اُن کے شوہر اور پشتون قوم پرست جماعت نیشنل عوامی پارٹی کے صدر ولی خان کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ اُس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے اُن کی پارٹی پر پابندی عائد کر دی ، جنرل ضیاء الحق کے دورِ اقتدار میں بیگم نسیم ولی خان نے این اے پی کی باگ ڈور سنبھال لی اور حیدر آباد جیل سے اپنے شوہر اور اے این پی کے درجنوں ساتھیوں کی رہائی کے لیے ایک کامیاب مہم چلائی۔

سیاست کے ابتدائی دنوں ہی میں بیگم ولی نے اس وقت ایک نئی تاریخ رقم کی جب وہ 1977ء کے عام انتخابات میں جنرل نشست پر خیبر پختون خوا سے منتخب ہونے والی پہلی خاتون بنیں، انہوں نے 1993ء اور 1997ء میں اے این پی کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لیا اور اپنے مرد حریفوں کو شکست دے کر صوبائی اسمبلی کی نشست اپنے نام کی تاہم بعض سیاسی اختلافات کی وجہ سے بیگم نسیم ولی نے 2014ء میں عوامی نیشنل پارٹی (ولی) کے نام سے اپنی سیاسی جماعت کا آغاز کیا، وہ اپنی پارٹی بنانے والی چارسدہ کی پہلی پختون ہیں، وہ ہمیشہ انتخابی عمل میں خواتین کی سیاسی شمولیت کی مضبوط حامی رہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں