مون سون بارشیں،،وزیراعلی خیبرپختونخوا نے تمام متعلقہ حکام کوالرٹ جاری کردیا

پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122 ، ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس سیز سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ

منگل 27 جولائی 2021 23:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو الرٹ رہنے اور محکمہ ریلیف، پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122 ، ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس سیز سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ۔

اس سلسلے میں یہاں سے جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے ہر لحاظ سے تیار رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ ہنگامی صورتحال میں ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیوں کو منظم انداز میں چلانے کیلئے متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان مربوط روابط کا موثر نظام وضع کیا جائیتاکہ ریسکیو کی سرگرمیوں میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اپنے اضلاع کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کریں اور قدرتی آفات کے خطرات سے عوام کے جان و مال کو محفوظ بنانے کیلئے عوام کو آگاہی دی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں