کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن دبئی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی

ملزم نے ہیروئن ٹرالی بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپا رکھی تھی اور پشاور سے غیرملکی ائیرلائن کے ذریعے دبئی جانا چاہتا تھا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 17 ستمبر 2021 12:03

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 ستمبر 2021ء ) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن دبئی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے باچاخان ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے کارروائی عمل میں لائی گئی ، جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سرچ اینڈ بیگجز کاؤنٹر پر مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی تو بیگ سے 3 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی آئس ہیروئن برآمد کی گئی جو کہ مسافر نے ہیروئن ٹرالی بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپا رکھی تھی ، مسافر پشاور سے غیرملکی ائیرلائن کے ذریعے دبئی جانا چاہتا تھا تاہم متعلقہ اداروں نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی ہیروئن قطر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ، اے ایس ایف اہلکاروں نے اسلام آباد ایرپورٹ پر 2 کلو ہیروئن قطر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر مسافر کو گرفتار کرلیا ، ملزم کی شناخت حامد خان نمے نام سے ہوئی ، جس کا تعلق کرم ایجنسی سے بتایا گیا۔

اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے پاس سے تقریباً 2 کلو ہیروئن برآمد ہوئی جو قطر اسمگل کی جانی تھی، جس کے لیے حامد خان نامی مسافر سامان سمیت سفر کے لیے اس وقت ائیرپورٹ پہنچا جب دوحہ قطر جانے والی پی آئی اے کی پرواز کی بریفنگ جاری تھی کیوں کہ ملزم نے بھی پی آئی اے کی پرواز پی کے 287 کے ذریعے دوحہ جانا تھا تاہم اے ایس ایف کے عملے نے اس کے سامان کی اسکینگ کے دوران ٹرالی بیگ کو مشکوک قرار دے کر چیک کیا تو انکشاف ہوا کہ اس نے ٹرالی بیگ میں بڑی مہارت کے ساتھ ہیروئن چھپا رکھی ہے ، جس پر اے ایس ایف کی جانب سے ملزم کو گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کیلئے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں