حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین ؐکی ولادت نہ صرف عالم اسلام ،پوری انسانیت کیلئے باعث سعادت ہے،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

پیر 18 اکتوبر 2021 20:36

حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین ؐکی ولادت نہ صرف عالم اسلام ،پوری انسانیت کیلئے باعث سعادت ہے،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے عید میلادالنبیؐ کے مبارک موقع پر پوری اُمت مسلمہ باالخصوص اہل پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری انسانیت کے لئے باعث سعادت ہے کیونکہ آپؐ کی آفاقی تعلیمات نے بنی نوع انسان کو اندھیروں سے نکال کر انسانیت کی معراج تک پہنچا دیا۔

عید میلادالنبی ؐ کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آپؐ کی ولادت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے، آپ ؐسے محبت ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے اور آپ ؐکی اسوہ حسنہ تمام انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر انسان دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپؐ نے ہمیشہ انسانیت کی تکریم و محبت ، عفو و درگذر، عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کا درس دیا ہے۔

آپ ؐکاخطبہ حجتہ الوداع ایسامنشور ہے جو رہتی دنیاتک نہ صرف مسلمانوںبلکہ دنیابھرکے انسانوں کی رہنمائی کاسرچشمہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ رحمت عالم کی تعلیمات کاکرشمہ تھاجس نے سب کو ایک صف میں کھڑاکرکے آقاوغلام کافرق مٹادیااور بلاامتیازرنگ و نسل فلاح انسانیت کادرس دیاجس کی بدولت اسلام دنیا کے کونے کونے تک پھیل گیا۔ انہوںنے کہاکہ محسن انسانیت کایہ انقلاب انسانی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔

آپؐانسانیت کے نجات دہندہ اورحقیقی محسن ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمیںکامیابی کیلئے اپنی زندگیوںمیں امانت ،دیانت ،خیرخواہی اوراسلامی بھائی چارے کوفروغ دینا ہو گاباہمی اتحاداورقومی یکجہتی موجودہ حالات کااولین تقاضاہے۔ انہوںنے کہاکہ حقیقی اسلامی فلاحی مملکت کے قیام کیلئے اسوہ حسنہ کی روشنی میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

محمود خان نے کہا کہ ریاست مدینہ کے سنہرے اٴْصولوں کو اپنا کرہی ایک ترقیافتہ اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا سکتا ہے اور موجود ہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں ریاست مدینہ اور صحیح معنوں میں ایک فلاحی اسلامی ریاست کے قیام کے لئے کوشاں ہے جس میں عدل و انصاف کا بول بالا ہو، قانون سب کے لئے برابر ہو، وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو، معاشرے کے نادار اور کمزور طبقوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور میرٹ کا بول بالا ہو۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں