سینیٹر ایوب آفریدی نے سینیٹ کی نشست سے استعفٰی دے دیا

وزیر خزانہ شوکت ترین کو خیبرپختونخواہ کی جنرل نشست سے سینیٹر بنایا جائے گا۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 اکتوبر 2021 15:02

سینیٹر ایوب آفریدی نے سینیٹ کی نشست سے استعفٰی دے دیا
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اکتوبر 2021ء) : پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر ایوب آفریدی نے سینیٹ کی نشست سے استعفٰی دے دیا۔ ذرائع کے مطابق ایوب آفریدی اپنا استعفیٰ کچھ دیر بعد ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کو پیش کریں گے۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر ایوب آفریدی کو وزیراعظم عمران خان کا مشیر برائے سیفران تعینات کیا جائے گا۔

سینیٹر ایوب آفریدی کے استعفے کے بعد وزیر خزانہ شوکت ترین کو خیبرپختونخواہ کی جنرل نشست پر سینیٹر بنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کسی بھی غیر منتخب شخص کے لیے وفاقی وزیر رہنے کے لیے چھ ماہ میں رکن پارلیمنٹ بننا لازمی ہے۔

(جاری ہے)

شوکت ترین کی آئینی مدت رواں ماہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں ختم ہوئی۔

شوکت ترین بطور وزیر کام جاری رکھیں اس کے لیے ان کو سینیٹر منتخب کروانا ایک قانونی تقاضا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شوکت ترین کو خیبرپختونخواہ سے سینیٹ کی نشست پر منتخب کروایا جائے گا۔ اس حوالے سے یہ بحث جاری تھی کہ شوکت ترین کو سینیٹر منتخب کروانے کے لیے خیبرپختونخواہ سے کون سا سینیٹر استعفی دے گا ۔ قبل ازیں یہ خبر موصول ہوئی تھی کہ وفاقی حکومت، شوکت ترین کو پنجاب سے سینیٹر اسحاق ڈار کی نشست پر سینیٹر منتخب کروانے کے لیے اپنے منصوبے کا اعلان کرے گی۔

یہ نشست مسلم لیگ ن کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی غیر موجودگی کی وجہ سے تاحال خالی ہے اور اسحاق ڈار نے برطانیہ میں خود ساختہ جلاوطنی کی وجہ سے سینیٹ کی نشست کا حلف بھی نہیں اٹھایا۔ لیکن سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی نشست سے شوکت ترین کا انتخاب غیر یقینی ہے کیونکہ یہ عدالتوں میں چیلنج ہوسکتا ہے اور حکم امتناع مل سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اگر انتخاب کے عمل میں کچھ وقت بھی لگتا ہے تب بھی کوئی فرق نہیں آئے گا کیونکہ شوکت ترین کو پانچ روز کے لیے مشیر خزانہ بنایا جائے گا اور پھر وہ سینیٹر اور وزیر خزانہ کا حلف اٹھائیں گے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل یہ خبر آئی تھی کہ شوکت ترین کے لیے سینیٹر فیصل جاوید سےاستعفیٰ لیے جانے کا امکان ہے جس کے بعد فیصل جاوید کو معاون خصوصی بنایا جا سکتا ہے تاہم اب ایوب آفریدی نے سینیٹ کی نشست سے استعفٰی دے دیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں