پشاور پولیس کی کارروائی، 10 کروڑ روپے مالیت کی آئس قبضے میں لے لی

ملزمان افغانستان سے آئس اسمگل کرنے کے بعد حیات آباد کے گھر میں پیک کرتے تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 اکتوبر 2021 15:28

پشاور پولیس کی کارروائی، 10 کروڑ روپے مالیت کی آئس قبضے میں لے لی
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اکتوبر 2021ء) : پشاور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی آئس برآمد کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے اہم کارروائی میں 80 کلو آئس منشیات قبضے میں لے لی۔ پشاور پولیس کے سی سی پی او عباس احسن نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی حیات آباد میں کی گئی۔ ملزمان نےحیات آباد کے فیز 2 میں مکان کرائے پر حاصل کیا تھا۔

نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کے مطابق ملزمان کی جانب سے افغانستان سے آئس اسمگل کرنے کے بعد حیات آباد کے گھر میں پیک کی جاتی تھی اور پیکنگ کے بعد آئس اندرون ملک سمیت ملک سے باہر بھی اسمگل کردی جاتی تھے۔ پشاور پولیس نے اس کارروائی کے دوران گروہ کے سرغنہ سمیت 5 اسمگلرز بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان کی شناخت اسحاق، نعمت اللہ، افضل احمد عرف حاجی ملا، محمد عاکف اور محمد شان کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ان میں سے 2 ملزمان کا تعلق افغانستان جبکہ بقیہ 3 کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔ آئس اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 2 گاڑیوں سمیت ڈیجیٹل اسکیلز اور دیگر اشیاء بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔ سی سی پی او نے دعویٰ کیا کہ پکڑی جانے والی آئس کی مالیت 10 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ قبل ازیں گذشتہ ماہ ملیر پولیس نے منشیات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی جس کے نتیجے میں بلوچستان سے منشیات کراچی لاکر فروخت کرنےوالے گروہ کے چودہ کارندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ملزمان سے ستر کلو چرس، چار کلو کرسٹل اور ایک کلو ہیروئن برآمد کی گئی ہے، جس کی مالیت تین کروڑ روپے بتائی گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی جانب سے دئیے گئے ابتدائی بیان کے بعد کراچی کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، اس دوران پانچ خواتین کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔ دوران حراست ملزمان نے انکشاف کیا کہ خواتین ملزمان کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کی جاتی تھی، پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں