پیپلز پارٹی کا (کل )پشاور میں پاور شو، تیاریاں جاری، آتش بازی ،کارکن پرجوش، انتظامیہ بینرز اتارنے میں مصروف

یوم تاسیس جلسہ کیلئے کبوتر چوک رنگ روڈ پر جلسہ کی تیاری، شہرکو بینرز، جھنڈوں ،قائدین کی تصاویر سے سجالیا، جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ، پارٹی ترانے مرکزی قائدین پشاور پہنچ گئے، کراچی اور سندھ سے رحمان بابا ایکسپریس کے ذریعے جیالوں کی آمد، انتظامیہ کا جلسہ کی اجازت دینے سے انکار حکومتی پابندیاں مسترد، جلسہ ہر صورت ہوگا، رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے، نیئر بخاری، نجم الدین کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 28 نومبر 2021 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس (کل ) منگل 30 نومبر کو پشاور میں منایا جائیگا ،رنگ روڈ کے کبوتر چوک میں جلسہ ہوگا جس سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے تمام مرکزی قائدین خطاب کریں گے ،پیپلز پارٹی نے جلسے کیلئے انتظامات اور تیاریاں مکمل کرلی ہیں، جلسہ گاہ کے قریب رنگ روڈ پر جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگ گئے ہیں، شہر بھر میں پارٹی جھنڈے اور قائدین کی تصاویر آویزاں کردی گئی ہیں ، خورشید شاہ اور نیئر بخاری سمیت پارٹی کے مرکزی قائدین پشاور پہنچ چکے ہیں جبکہ کراچی اور سندھ سے کارکنوں کی آمد بھی جاری ہے ، پشاور انتظامیہ کی جانب سے جلسہ کی اجازت نہ دینے کے بعد پی پی کے بینرز اور جھنڈے اتارے جارہے ہیں تاہم پیپلز پارٹی نے پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے 30 نومبر کو پشاور میں ہرصورت جلسہ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر تحریک انصاف حکومت نے جلسہ روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی تو پھر دمادم مست قلندر ہوگا۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس مرتبہ پارٹی کا یوم تاسیس پشاور میں منانے کا اعلان کیا ہے اس سلسلے میں پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام کل 30 نومبر کو پشاور کے کبوتر چوک رنگ روڈ پر جلسہ کا انعقاد ہوگا ،پیپلز پارٹی نے جلسہ کیلئے پشاور انتظامیہ کو درخواست دی تھی تاہم پشاور انتظامیہ نے جلسہ کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے اس کے باوجود پی پی نے ہرقیمت پر کل یوم تاسیس کے جلسہ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے، جلسہ گاہ کی تیاری اور سجاوٹ کا کام جاری ہے، کبوتر چوک میں استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں پارٹی ترانوں سے کارکنوں کا لہو گرمایا جارہا ہے،پارٹی قائدین بھی استقبالیہ کیمپ کے دورے کررہے ہیں، دریں اثنا پشاور انتظامیہ کی جانب سے پی پی کے بینرز اور جھنڈے اتارے جارہے ہیں، اس حوالے سے پیپلز پارٹی نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں پولیس اہلکاروں کو پیپلز پارٹی کے بینرز اتارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، دوسری جانب پی پی کارکنوں کی پشاور آمد جاری ہے، اتوار کے روز کراچی اور سندھ کے دوسرے علاقوں سے سینکڑوں جیالے رحمان بابا ایکسپریس کے ذریعے پشاور پہنچے ،اتوار کے روز پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نجم الدین خان نے پارٹی عہدیداروں کے ہمراہ جلسہ گاہ اور استقبالیہ کیمپ کا دورہ کیا ،میڈیا سے گفتگو میں صوبائی صدر نے کہا کہ صوبائی حکومت پی پی کا جلسہ روکنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے جس کے باعث ہمارے کارکنوں می شدید اشتعال موجود ہے، اگر صورتحال بگڑی تو نہ صرف صوبائی حکومت ذمہ دار ہوگی بلکہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے،پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے جلسہ گاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی سرکار کی رکاوٹوں کے باوجود پشاور جلسہ ہوکر رہیگا ،یوم تاسیس جلسہ روکنا کسی کی مجال نہیں، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے غیور شہری چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی فقید المثال میزبانی اور استقبال کرینگے ،انہوں نے کہا کہ پشاور جلسے کو روکنے کیلئے حکومتی اوچھے ہتھکنڈے قابل مذمت ہیں،پشاور جلسہ نے کٹھ پتلیوں کے اوسان خطا کر دیئے ہیں ،پشاور جلسہ خیبر پختونخوا کی تاریخ کابڑا سیاسی اجتماع ہوگا، نئیر بخاری نے کہا کہ بزدل اور خوفزدہ حکمرانوں میں عوامی قوت کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ،جعلی حکومت کا گھر جانا طے ہو چکا ہے ،تباہی سرکار پرامن ریلیوں میں رکاوٹیں ڈال کر کارکنوں کو اشتعال دلا رہی ہے لیکن مہنگائی بے روزگاری عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عوامی احتجاج پابندیوں سے رکنے والا نہیں۔

دریں اثنا جشن یوم تاسیس کی مناسبت سے کبوتر چوک میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں