آئی ایم ایف کے ایماء پر تیار حکومت کی منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں ،سراج الحق

مہنگائی ، بے روزگاری ، غربت میں مزید اضافہ ہوگا، پی ٹی آئی کی سوا تین سال کی حکومت میں ملک 30 سال پیچھے چلا گیا ہے موجودہ حکومت مافیاز کے لیے سہولت کار بنی ہوئی ہے اور پی ٹی آئی نے مافیاز کو تحفظ فراہم کررکھا ہے کابینہ اور پارلیمینٹ میں مافیاز بیٹھے ہیں ،امیر جماعت اسلامی

جمعہ 3 دسمبر 2021 20:18

آئی ایم ایف کے ایماء پر تیار حکومت کی منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں ،سراج الحق
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایماء پر تیار حکومت کی منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں جس سے مہنگائی ، بے روزگاری ، غربت میں مزید اضافہ ہوگا۔ پی ٹی آئی کی سوا تین سال کی حکومت میں ملک 30 سال پیچھے چلا گیا ہے موجودہ حکومت مافیاز کے لیے سہولت کار بنی ہوئی ہے اور پی ٹی آئی نے مافیاز کو تحفظ فراہم کررکھا ہے کابینہ اور پارلیمینٹ میں مافیاز بیٹھے ہیں ۔

کرپٹ مافیاز اور پاکستان مزید ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔پی ڈی ایم نے ہر موقع پر پی ٹی آئی کا ساتھ دیا ہے اور آپس میں خاموش معاہد ہ کیا ہوا ہے ۔ پی پی پی اور پی ڈی ایم کے حکومت کے خلاف بیانات ہوائی فائرنگ ہیں ۔ پرویز مشرف سے لے کر پی ٹی آئی تک سب حکومتوں نے سودی معیشت کا کاروبار کیا۔

(جاری ہے)

ا ہمارے حکمران خود جا کر آئی ایم ایف کے ترلے اور منتیں کر کے سود پر قرض لیتے ہیں جو ملک کی معیشت کی تباہی کا سب سے بڑا سبب ہے۔

ملک کی بقا اورعوام کی خوشحالی اسلامی نظام کو اپنانے میں ہے۔ لوگ مہنگائی کی وجہ سے فاقوں مر رہے ہیں، بے روزگاری اور غربت گھر گھر ناچ رہی ہے۔ آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر قرضوں کا حصول ملک کی آزادی و خودمختاری کو گروی رکھنے کے مترادف ہے۔ہردن مہنگائی ، غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے ۔جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اور پشاور سے میئر شپ میں کامیابی حاصل کر کے پشاور کو ایک مثالی ، جدید اور پھولوں کا شہر بنائیں گے ۔

جماعت اسلامی نے مفادات سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کی ہے بینکوں کے قرضوں سے لے کر پینڈورا پیپرز اور پانامہ تک کہیں بھی جماعت اسلامی کے کارکنان کا نام نہیں ہے ۔ جماعت اسلامی پارلیمینٹ میں کم ہیں لیکن عوام کے جذبات کی ترجمانی کے لیے ایک توانا آواز ہے ۔ عاقب اسماعیل اور ان کے خاندان کو جماعت اسلامی میں خوش آمدید کہتے ہیں ۔ وہ مرکز اسلامی پشاور میں ضلع مردان کے ممتاز سیاسی او رکاروباری شخصیت اور جے یو آئی کے سابق امیر حافظ عبدالرحمن اور عربی حاجی صاحب کے نواسے عاقب اسماعیل اور ان کے خاندان کی جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

پریس کانفرنس میں قائم مقام امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع ، ممبرقومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی ، امیر ضلع پشاور عتیق الرحمن ، امیر ضلع مردان غلام رسول ، امیدوار پشاور میئر بحراللہ خان ، سابق ممبرصوبائی اسمبلی میاں نادر شاہ اور بلامقابلہ منتخب ہونے والے چیئر مین و کونسلر بھی موجودتھے ۔ سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان خاموش معاہدہ ہو چکا ہے۔

پیپلزپارٹی،مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ 74 سالوں میں اس ملک پر جرنیلوں نے بھی حکومت کی ہے اور کرپٹ اور ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے بھی حکومت کی جنہوں نے پاکستان کے نظریہ اور جغرافیہ کے ساتھ غداری کی ۔ انہوںنے کہاکہ اج جو اس ملک میں مہنگائی ناچ رہی ہے اور پوری قوم کے ہاتھوں میں آئی ایم ایف کے غلامی کی ہتھکڑیاں ہیں اور چند ڈالرز کے عوض ہماری آزادی ، خود مختاری اور عزت و وقار کو بیچا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ ایک خودمختار ، باوقار اور آزاد ملک بنانے کے لیے قوم کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ ملک کے ہر حصے میں عوام حکمرانوں کو کوس رہی ہے۔ مہنگائی کے طوفان نے لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔ گورننس کا برا حال ہے اور کرپشن اداروں میں سرایت کر چکی ہے۔ وزیراعظم دن رات مافیاز کا رونا روتے ہیںجو ان کے اردگرد ہی موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام میں ہے جس کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد کر رہی ہے ۔ قوم ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں