ظ*عوام بلدیاتی انتخابات میں نااہل حکمرانوں کو مسترد کریں گے، میاں افتخار حسین

اتوار 5 دسمبر 2021 19:40

uپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ عوام بلدیاتی انتخابات میں نااہل حکمرانوں کو مسترد کریں گے۔ عام انتخابات میں عوام کو سبز باغات دکھاکر عوام کے ووٹوں پر ڈالا گیا۔ مرکز میں تین سالہ کارکرگی نے پی ٹی آئی کی نااہلی اور نالائقی کے تمام پول کھول دیئے ہیں۔

پبی 2 میں بلدیاتی انتخابات بارے جلسے سے خطاب سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ حکومتی نالائقی کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ اے این پی نے اپنے پانچ سالہ اقتدار میں نو نئی یونیورسٹیاں اور سینکڑوں سکول اور کالجز بنائے۔ صوبے کی موجودہ حکومت غریب عوام سے ان تعلیمی اداروں کے دروازے بھی بند کررہی ہے۔ فیسوں میں اضافہ کیا جارہا ہے اور تعلیمی اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

غریب عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔ صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں سے سینئر ڈاکٹرز مستعفی ہورہے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی عوام کے حقوق پر ڈاکہ کبھی برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تباہی میں عمران خان اور اسکو مسلط کرنے والے برابر کے شریک ہیں۔ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے۔

غریب عوام کی ذرائع آمدن کم ہوتی جارہی ہے اور اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں کو مہنگائی کا طعنہ دینے والوں نے ملک میں مہنگائی کے ریکارڈ قائم کردیئے ہیں۔ اقتدار میں آنے سے قبل جعلی وزیراعظم کہا کرتے تھے کہ جب ملک میں مہنگائی ہوتی ہے تو اسکا مطلب ہے کہ وزیراعظم چور ہے۔ موجودہ مہنگائی ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت ہے۔

ماضی کے تمام سیاسی لوٹے موجودہ حکومت کی کابینہ کا حصہ ہیں۔دھاندلی کے راستے مسلط حکومت کو عوام مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس مٹی کی وارث ہے اور قیام امن کیلئے سینکڑوں کارکنان اور قائدین کی قربانیاں دی ہیں۔ باچا خان کے پیروکاروں نے اپنے دورحکومت میں ایک طرف دہشتگردی کا مقابلہ کیا تو دوسری جانب عوام کی خدمت کی۔

اے این پی کو بم دھماکے اور خودکش حملے اپنے عوام سے دور نہ کرسکے تو موجودہ حکومت کیا چیز ہے۔ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، تمام تر سازشوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود اے این پی آج بھی اپنے عوام کے ساتھ میدان میں کھڑی ہے اور حکمران جماعت اپنے انتخابی نشان کے ساتھ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے بھی تیار نہیں۔ اے این پی کارکنان اپنے انتخابی نشان کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ نااہل حکمرانوں نے اپنے امیدواروں کو آزاد حیثیت میں میدان میں اتارا ہے۔

عوام باشعور ہوچکے ہیں، جھوٹی تبدیلی کے نعروں میں مزید نہیں آئیں گے ۔ اے این پی امیدواران صوبہ بھر میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے اور عوام کے حقوق کے حصول کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں