بدعنوانی ایک ایسی برائی ہے جو معاشرے میں غربت اور ناانصافی کا سبب بنتی ہے،شاہ فرمان

ہمارا عزم ملک میں شفافیت، احتساب اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے،گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 8 دسمبر 2021 23:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ بدعنوانی ہمارے معاشرے کیلئے معاشی، سماجی اور اخلاقی سطح سمیت تمام اقسام میں نہ صرف تباہ کن رہی ہے بلکہ آزادی کے دن سے لیکر آج تک ہمارے ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ثابت ہوئی ہے، بدعنوانی ایک ایسی برائی ہے جو معاشرے میں غربت اور ناانصافی کا سبب بنتی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے انسدادبدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیاہے۔ گورنرشاہ فرمان کاکہناتھاکہ موجودہ حکومت ریاست مدینہ کے تصور کو سامنے رکھتے ہوئے روز اول سے معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے انفرادی و معاشرتی اور نوجوان طبقہ کی خدمات حاصل کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی گئی ہے تاکہ معاشرے میں موجود کرپٹ افراد کو بے نقاب کیاجائے اورہر سطح پر ہونیوالی بدعنوانی کا خاتمہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسلامی نقطہ نظر کے مطابق بدعنوانی کسی بھی شکل میں ہرگز قابل قبول نہیں ہے اور اسکی سختی سے ممانعت کی گئی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ انسانی حقوق سب کو حاصل ہوں۔ گورنرنے کہاکہ ہمارا عزم ملک میں شفافیت، احتساب اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے تاکہ بدعنوانی کیخلاف مؤثر جنگ لڑی جا سکے اور ملک میں گڈ گورننس کو یقینی بنایا جا سکے۔ کرپشن سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ زندگی کے ہر شعبہ میں قانون کی حکمرانی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ اپنے پیغام میں گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک سے کرپشن جیسے ناسور کے مکمل خاتمہ اورترقی یافتہ خوشحال پاکستان کے لیے حکومت اور کرپشن کے خاتمے کیلئے قومی اداروںکا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں