خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برف باری نے 7 افراد کی جان لے لی

بارشوں اور برف باری سے 15 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور ایک گھر مکمل تباہ ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 23 جنوری 2022 15:15

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برف باری نے 7 افراد کی جان لے لی
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2022ء ) صوبہ خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برف باری نے 7 افراد کی جان لے لی ، اس دوران 16 شہری زخمی ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ڈی ایم اے کی طرف سے اب تک جاری کردہ اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ بارشوں اور برف باری سے 15 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور ایک گھر مکمل تباہ ہوا ، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بند سڑکوں کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے شانگلہ کے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو جلد معاوضہ ادا کیا جائے۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے برفباری اوربارشوں کے پیش نظرمتعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی عثمان بزدار نے انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور پی ڈی ایم اے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مری اور رابطوں سڑکوں سے فوری طور پر برف ہٹانے کا بندوبست کیا جائے ، وزیراعلی عثمان بزدار نے مزید ہدایت کی کہ مری میں سیاحوں کو کسی قسم کی کوئی دشواری نہیں ہونی چاہیئے اور مری میں گاڑیوں کی مقررہ تعداد سے زیادہ آمد پر پابندی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے واضح کیا کہ عوام کی جان کا تحفظ ہر لحاظ سے مقدم ہے، غفلت قطعا برداشت نہیں کروں گا ، انتظامی افسران دفتروں سے نکل کر فیلڈ میں حالات پر نظر رکھیں ، لاہور اور دیگر شہروں میں بارش کے پیش نظر پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے ، واسا کے افسران فیلڈ میں جا کر ٹیموں کی خود نگرانی کریں اور عوام کی سہولت کے پیش نظر کم از کم وقت میں شہر کی سڑکوں، بازاروں اور نشیبی علاقوں سے پانی کا نکاس یقینی بنایا جائے ، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کو بھی متحرک نظر آنا چاہیئے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں