صوبائی محکمہ تعلیم کی خالی آسامیوں پر پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ذریعے عارضی بھرتی کی جائیگی،شہرام خان ترکئی

ضم و بندوبستی اضلاع کے بجٹ کا استعمال تسلی بخش ہے ،آئندہ سال کے بجٹ کیلئے بھی عوامی فلاح کے بہترین منصوبے رکھے گئے ہیں،وزیر تعلیم خیبرپختونخوا

جمعہ 20 مئی 2022 16:39

صوبائی محکمہ تعلیم کی  خالی آسامیوں  پر پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ذریعے عارضی بھرتی کی جائیگی،شہرام خان ترکئی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں بوجہ ریٹائرمنٹ ، چھٹی یا دیگر وجوہات سے خالی اسامیوں پر پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ذریعے عارضی بھرتی کی جائے گی تاکہ طلبا کو ہر کلاس میں استاد میسر ہو، اس پالیسی کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں،جسے بجٹ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم کے بجٹ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن معتصم باللہ شاہ،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عبدلاکرم،ڈپٹی سیکرٹری بجٹ اور محکمہ تعلیم کے دیگر حکام نے شرکت کی ۔وزیر تعلیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں خالی اسامیوں پر بھرتی کا عمل تقریبا مکمل ہو چکا ہے ،سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی کا کام80فیصد سے زیادہ مکمل ہے اور محکمہ تعلیم کے عملے کی (ای ایم آئی ایس)انٹری کا عمل بھی تقریبا مکمل ہے ،ضم اور بندوبستی اضلاع کے بجٹ کا استعمال تسلی بخش ہے اور آئندہ سال کے بجٹ کیلئے بھی عوامی فلاح کے بہترین منصوبے رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے آئندہ بجٹ میں 142سائنس لیبز، 100امتحانی ہالوں اور بند بستی اضلاع میں اے ایل پی سینٹرز کے قیام کے منصوبوں اور بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ اور طلباوطالبات کو سکالرشپس اور انعامات کے منصوبوں کو بجٹ میں پیش کرنے کیلیے تمام اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اولین ترجیح ہے اور گزشتہ 9سالوں میں تعلیمی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس کے اثرات صوبے کے تعلیمی معیار میں بہتری کی صورت میں طلبا کو مل رہے ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکا م کوہدایت کی کہ جو بھی نئے اساتذہ بھرتی ہو رہے ہیں ان کی پوسٹنگ تب ہوگی جب انکی (ای ایم آئی ایس)میں انٹری مکمل ہو جائے گی بغیر(ای ایم آئی ایس)انٹری کے کسی بھی ملازم کی پوسٹنگ نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اب کے بعد جتنے بھی نئے سکول پرائمری لیول کے لیے بنائے جائیں گے اس میں لازما6 کمرے ہونگے جبکہ ریگولر بنیادوں پر بھی ہر سکول کو کم از کم 4 اساتذہ دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کیلئے بھی سکول لیڈر کی بھرتی کیلئے انتظامات مکمل ہیں اور جلد از جلد اشتہار شائع کیا جائے گاتاکہ معیاری تعلیم میں مزید بہتری لائی جا سکے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں