چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آزادی مارچ کے لیے ولی انٹر چینج پہنچ گئے

عمران خان پشاور سے ہیلی کاپٹر کے ذریع ولی انٹر چینج پہنچے،خیبرپختونخوا کی عوام ولی انٹرچینج پہنچیں جہاں سے میں مارچ کی قیادت کروں گا،عمران خان کا عوام کو پیغام

Umar Nawaz عمر نواز بدھ 25 مئی 2022 12:51

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 مئی 2022ء ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آزادی مارچ کے لیے ولی انٹر چینج پہنچ گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان پشاور سے ہیلی کاپٹر کے ذریع ولی انٹر چینج پہنچے ہیں۔ کچھ دیر قبل پاکستان تحریک انصاف کےلانگ مارچ کا آغاز ہو گیا ہے، چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ویڈیو پیغام جاری کر دیا ۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں اس وقت پشاور سے مارچ کا آغاز کر رہا ہوں، میں ولی انٹرچینج پہنچ رہا ہوں۔میں خیبرپختونخوا کے عوام کو دعوت دے رہا ہوں کہ آپ نے ولی انٹرچینج پہنچنا ہے۔جہاں سے میں اس کاروان کی قیادت کروں گا اور ہم اسلام آباد پہنچیں گے۔عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے سب نکلیں گے کیونکہ یہ فیصلہ کن وقت ہے اور ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔

(جاری ہے)

۔دوسری جانب پولیس نے بتی چوک سے پاکستان تحریک انصاف کے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے۔جس کے بعد بتی چوک پر پہنچنے والے پی ٹی آئی کارکنان کی تعداد کم ہو گئی ہے۔ بتی چوک پر پولیس کی شیلنگ کے بعد علاقہ میدانِ جنگ کی شکل اختیار کر چکا۔پولیس کی جانب سے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے آںسو گیس اور شیلنگ کی گئی۔ یادگار چوک کے قریب بھی پولیس کی جانب سے کارکنان پر شیلنگ کی گئی۔

یہ بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان رکاوٹیں ہٹا کر آگے بڑھ رہے ہیں۔شیلنگ کے باوجود پی ٹی آئی کارکنان آگے بڑھ رہے ہیں۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ہم سے تلخ کلامی کی اور بدتمیزی کی۔ انہوں نے کہا کہ مارچ ہر صورت کامیاب ہو گا اور ہم اسلام آباد پہنچ کر رہیں گے۔۔ لاٹھی چارج سے یاسمین راشد کی گاڑی کی ونڈ سکرین ٹوٹ گئی۔یاسمین راشد کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی تھی اس دوران ان کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی پولیس کا حصار توڑنے میں کامیاب ہو گئی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں