تیراہ وادی میں دہشت گروں کے پرانے ٹھکانے سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ پکڑا گیا

فورسز کی کارروائی میں 4 کلوگرام بارودی مواد اور 5 عدد دیسی ساختہ بم اور 18 عدد دستی بم قبضے میں لیے گئے ، اس کے علاوہ برآمد ہونے والے اسلحے میں 2 عدد مشین گن اور سینکڑوں کارتوس شامل ہیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 جون 2022 12:58

تیراہ وادی میں دہشت گروں کے پرانے ٹھکانے سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ پکڑا گیا
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2022ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے وادیِ تیراہ میں دہشت گروں کے پرانے ٹھکانے سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ پکڑا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن کر کے دہشت گردوں کے پرانے ٹکھانے سے اسلحہ و بارود برآمد کیا گیا ، فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 4 کلوگرام بارودی مواد اور 5 عدد دیسی ساختہ بم اور 18 عدد دستی بم قبضے میں لیے گئے ، اس کے علاوہ برآمد ہونے والے اسلحے میں 2 عدد مشین گن اور سینکڑوں کارتوس شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاک فوج کا دہشت گردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، اس دوران شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا جب کہ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

اس سے ایک رات قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسزنے 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا تھا ، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ کلاچی میں ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے ، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگرد کاروائیوں میں ملوث تھے۔

چند روز قبل صوبہ بلوچستان کےعلاقے مکران میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے ، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ اس سے پہلے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، فائرنگ کے تبادلے میں فوجی جوان نائیک زاہد احمد شہید ہوگئے ، اس دوران ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہو گیا جس کی شناخت ضیاء اللہ کے نام سے ہوئی ، دہشتگرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں