جعلی حکومت کا آخری وقت آپہنچا‘ راج کماری اور ان کے ابا وہیں رہنے میں عافیت سمجھیں، بیرسٹر سیف

عمران خان کی فائنل کال حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، احتجاج کی فائنل کال کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے؛ مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 نومبر 2024 12:30

جعلی حکومت کا آخری وقت آپہنچا‘ راج کماری اور ان کے ابا وہیں رہنے میں عافیت سمجھیں، بیرسٹر سیف
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 نومبر 2024ء ) خیبرپختونخواہ کے مشیراطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ جعلی حکومت کچھ بھی کرے ان کا آخری وقت آپہنچا ہے، احتجاج کی فائنل کال کے بعد ملک میں آئین و قانون کا بول بالا ہوگا، عمران خان کی فائنل کال حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، پی ٹی آئی کے مرکزی اور منتخب اراکین کی گرفتاری جعلی حکومت کی فائنل کال سے حواس باختگی ظاہر کرتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں احتجاج کی فائنل کال کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور خود تمام تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں، اب صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فائنل کال کا انتظار ہے، فائنل کال کا اعلان ہوتے ہی خیبر پختونخواہ سے احتجاج کا بھرپور سلسلہ شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سیف کہتے ہیں کہ جعلی حکومت کی سیاسی لاش علی امین گنڈاپور دفنائیں گے، جعلی حکومت کچھ بھی کرے ان کا آخری وقت آ پہنچا ہے، فائنل کال کے بعد ملک میں آئین و قانون کا بول بالا ہوگا، جعلی مقدمات کا خاتمہ اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سمیت مینڈیٹ چوروں کا کڑا احتساب ہوگا، فائنل کال اتنی شدید ہوگی کہ شاید جعلی راج کماری مریم نواز اور ان کے ابا جنیوا سے واپسی مؤخر کرکے وہیں رہنے میں عافیت سمجھیں۔

اسی حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ نومبر میں احتجاج کی کال عمران خان دیں گے، تیاری مکمل ہے، جب کال آئے گی تو باضابطہ اعلان کریں گے، فائنل کال عمران خان نے ہی دینی ہے انہوں نے نومبر کا مہینہ بتایا ہے، عمران خان کا جو پیغام تھا وہ ویسے ہی میں نے قوم تک پہنچا دیا، اب جیسے ہی عمران خان فائنل کال دیں گے تو ہم سڑکوں پر ہوں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں