حکومت پسماندہ قبائلی اضلا ع میں بھی مشال لائبریری کی شاخیں کھولنے کیلئے اقدامات کریں، نجیب اللہ مہمند

پیر 24 ستمبر 2018 11:40

پشاور۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) قبائلی اضلاع کی واحد نجی مشال لائبریری کے بانی نے لائبریری کی برانچز کو مہمندکی دیگر تحصیلوں سمیت مختلف علاقوں تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے اور حکومت سے بھی اس سلسلے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔ مشال لائبریری کی چوتھی سالگرہ تقریب مچنی بھائی کور میں منعقد ہوئی جس میں لائبریری کے بانی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ایم فل کے طالب علم نجیب اللہ مہمند ‘پیپلز پارٹی قبائلی اضلاع کے رہنما ملک سرتاج ‘ٹیچر شوکت خان ‘ڈاکٹر انیس الرحمن ‘شفیق اللہ و دیگر نے شرکت کی۔

نجیب اللہ مہمند نے کہا کہ علاقے کے نوجوان زیادہ تر تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن مالی استطاعت نہ رکھنے کے باعث وہ عمومی معلومات کے حصول کیلئے کتابیں خریدنے سے قاصر ہیں اس لئے ان کی دلی خواہش تھی کہ وہ کسی بھی طرح سے اپنے علاقے کیلئے لائبریری کا قیام ممکن بنا ئیں۔

(جاری ہے)

نجیب اللہ کے مطابق اس لائبریر ی کیلئے انہوں نے مذہبی، طب ، انجینئر نگ ، سائنسی، عمومی معلومات کے علاوہ شاعری کی سینکڑوں کتابیں اپنی مدد آپ کے تحت وقف کیں جبکہ مختلف سرکاری ، غیر سرکاری اور نجی تنظیموں کی جانب سے بھی کتابیں فراہم کی جارہی ہیں۔

ان کے مطابق اب کوشش کی جارہی ہے کہ لائبریر ی میں مقابلے کے امتحانات کیلئے بھی کتابیں لائی جائیں۔ تقریب کے شرکاء نے کہاکہ حکومت دیگر پسماندہ قبائلی اضلا ع میں بھی اس لائبریری کی شاخیں کھولے تاکہ طلبہ مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں