ٹریفک پولیس پشاور نے سٹی اور کینٹ سیکٹر میں ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ سے متعلق شہریوں کو آگاہی دی

ہفتہ 27 نومبر 2021 15:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2021ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے سٹی اور کینٹ سیکٹر میں ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ سے متعلق شہریوں کو آگاہی دی۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے کوہاٹ روڈ' جی ٹی روڈ' پشاور کینٹ کے سٹیڈیم چوک اور ناصر باغ روڈ پر شہریوں کو سیٹ بیلٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اسی طرح شہریوں اور خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے استعمال بارے آگاہ کیا اور اس کے فوائد بیان کئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجیدنے کہا ہے کہ شہری دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ حادثات کی صورت میں جانی نقصان سے بچ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرنے سے حادثات میں کمی آنے سمیت ٹریفک میں خلل نہیں پڑیگا جس سے شہری بروقت اپنے منزل مقصود تک پہنچ سکیں گے اور اگر کوئی بھی شخص ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کریگا تو وہ نہ صرف ٹریفک میں خلل کا باعث بن رہا ہے بلکہ وہ ایک غیر ذمہ دار شہری بھی ہے جو شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ٹریفک نظام کو منظم طریقے سے چلائیں کیونکہ اکثر اوقات ایک ڈرائیور کی غلطی سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں جس میں ایمولینسز بھی پھنس جاتی ہیں جس سے قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ساتھ تعاون کریں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں