پشاور ، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دھواں چھوڑنے والی 400 گاڑیوں کاچالان

بدھ 25 مئی 2022 12:18

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) پشاور میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے پیش نظر محکمہ ٹرانسپورٹ نے گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات تیز کردئیے ہیں ۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کو کنٹرول کرنے کیلئے پشاور میں وہیکلر ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم کی ٹیمیں دوگنی کردی ہیں جبکہ پورے صوبے میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹیموں نے ٹریفک پولیس کے ہمراہ صرف صوبائی دارالحکومت پشاور میں تین ہزار سے زائد گاڑیوں کی چیکنگ کی جس میں زیادہ دھواں نکلنے کی وجہ سے تقریباً 400 گاڑیوں کا چالان کیا گیا،تقریباً 80 گاڑیوں کے کاغذات تب تک ضبط کر لئے گئے ہیں جب تک وہ اپنے گاڑیوں کو ٹھیک نہ کرلیں اور زیادہ خراب 15 گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے وہیکولر ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم نے زیادہ تیزی سے کام شروع کر دیا ہے، ٹریفک پولیس کی معاونت سے اندورن شہر چار سدہ روڈ، خیبر روڈ، اور کوہاٹ روڈ سمیت مختلف جگہوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کر رہے ہیں اور ماحول کو آلودہ کر نے والی گاڑیوں کو چالان کرکے کاغذات ضبط کر رہے ہیں اور کاغذات کی واپسی گاڑیوں کو ٹھیک کرنے سے مشروط کر دی ہے ۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں اور عوام کی آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں