میاں افتخار حسین کا خوشمقام میں معصوم بچی کیساتھ ہونیوالے انسانیت سوز واقعے پر غم وغصہ کا اظہار

ڈی آئی خان اور مردان کے بعد اب نوشہرہ کا واقعہ حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،واقع کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیں،جرم ثابت ہو نے پر مجرم کو پھانسی پر لٹکایا جائے ، جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 19 جنوری 2018 17:18

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے پبی خوشمقام میں معصوم بچی کے ساتھ ہونیوالے انسانیت سوز واقعے پر غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہو جائے ،کپتان قصور واقعے پر پنجاب حکومت سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے ان کی اپنی صوبائی حکومت نے غریب عوام کو وحشی درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے ،پبی کے علاقے خوشمقام میں زیادتی کا نشانہ بننے والی بچی کے غمزدہ والدین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی متاثرہ خاندان کیساتھ ہے اور مجرم کو کیفر کردار تک پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،عوم علاقہ داد کے مستحق ہیں جنہوں نے ملزم کو بروقت پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا لہٰذ اب شفاف تحقیقات ہونی چاہئے ،اگر ملزم پر جرم ثابت ہو جائے تو اسے پھانسی پر لٹکایا جانا چاہئے ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔مثالی پولیس متاثرہ خاندان کیساتھ ہی زیادتی کر رہی ہے جس سے بادی النظر میں تاثر ملتا ہے کہ یہ انسانیت سوز واقعات پولیس کی چھتری تلے ہو رہے ہیں ، ،وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور دیگر حکومتی شخصیات نے یہاں آنے کی زحمت گوارا نہیں کی ، پی ٹی آئی صرف حکومت حکومت کھیلنے میں مصروف ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ سے اسے کوئی سروکار نہیں۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہم نے قصور کا دورہ کیا اور زینب کے واقعے پر حکومتی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت استعفیٰ دے ، اور اب اپنے ہی صوبے میں حکومتی بے حسی اور غیر سنجید گی پر بھی اس حکومت سے استعفیٰکا مطالبہ کرتے ہیں ۔انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ڈی آئی خان اور مردان کے بعد اب نوشہرہ کا واقعہ حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ،ایسے حکمرانوں کاکسی صورت اقتدار میں رہنے کا جواز نہیں بنتا ۔میاں افتخار حسین نے متاثرہ خاندان کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ اے این پی ان کی داد رسی کیلئے میدان میں کھڑی ہے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ننھی مدیحہ کو انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں